نوجوان ایتھلیٹس کیلئے کروڑوں روپے انعامات کا اعلان
Image

لاہور: (سنو نیوز) صوبائی مشیر کھیل وہاب ریاض نے پنجاب گیمز میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں میں کروڑوں روپے کی انعامی رقم تقسیم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

تفصیل کے مطابق مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض کے زیر صدارت پنجاب رائزنگ سٹار گیمز کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری سپورٹس پنجاب راجا جہانگیر انور، ڈی جی سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل نے بھی شرکت کی۔

ڈی جی سپورٹس پنجاب ڈاکٹر آصف طفیل نے پنجاب رائزنگ سٹار گیمز کی تیاریوں کے حوالے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مشیر کھیل وہاب ریاض نے کہا کہ پنجاب رائزنگ سٹار گیمز سے باصلاحیت نوجوانوں کو کھیلوں کی صلاحیتوں کے اظہار کے لیے پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔

وہاب ریاض کا کہنا تھا کہ گیمز میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں کروڑوں روپے کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی۔ سالانہ سپورٹس کیلنڈر کے تحت 18ڈسپلن میں مقابلے ہوں گے۔پہلے مرحلے میں چھ گیمز کے مقابلے نشترپارک سپوٹس کمپلیکس میں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے تمام ڈویژنز سے سینکڑوں بوائز اینڈ گرلز کھلاڑی حصہ لیں گے۔ پنجاب سپورٹس بورڈ کے سالانہ سپورٹس کیلنڈر سے کئی باصلاحیت ایتھلیٹس سامنے آئیں گے۔جبکہ سیکرٹری سپورٹس پنجاب نے کہا کہ کھلاڑی مستقبل میں بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی کریں گے۔