ایئر فورس کا تربیتی طیارہ کالج پر گر گیا، 19 افراد جاں بحق
Bangladesh Air Force crash
فائل فوٹو
ڈھاکہ: (ویب ڈیسک) بنگلہ دیش میں ایک افسوسناک فضائی حادثے میں ایئر فورس کا تربیتی طیارہ کالج کیمپس پر گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں 19 افراد جاں بحق جبکہ 100 سے زائد زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک حادثہ ڈھاکہ کے ایک مصروف کالج کیمپس میں پیش آیا، جہاں ایئر فورس کا تربیتی طیارہ اچانک نیچے گرا اور زوردار دھماکے سے تباہ ہو گیا۔ طیارے کے گرنے کے فوراً بعد آگ بھڑک اٹھی جس نے قریبی عمارتوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

زخمیوں میں سے متعدد افراد جھلسنے کی وجہ سے شدید متاثر ہوئے ہیں، جنہیں قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں طلباء کو افراتفری میں بھاگتے اور محفوظ مقام کی تلاش کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

دوسری جانب فائر بریگیڈ کا عملہ آگ بجھانے میں مصروف ہے جبکہ ریسکیو ٹیمیں زخمیوں کو نکالنے میں مصروف ہیں۔

واضح رہے کہ یہ واقعہ پیر کے روز پیش آنے والے تیسرے طیارہ حادثے کے طور پر سامنے آیا ہے۔ اس سے قبل لاس اینجلس میں ایک مسافر طیارے میں دوران پرواز آگ بھڑک اٹھی تھی، تاہم طیارہ محفوظ لینڈنگ کرنے میں کامیاب رہا۔

دوسرا واقعہ ممبئی، بھارت میں پیش آیا، جہاں شدید بارش کے باعث ایئر انڈیا کا طیارہ رن وے سے پھسل گیا، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

بنگلہ دیش کے اس سانحہ پر عالمی سطح پر افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے، جبکہ حادثے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔