آسمانی بجلی گرنے سے ایک ہی دن میں 33 افراد ہلاک
Lightning deaths Bihar
فائل فوٹو
ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارت کی مشرقی ریاست بہار مون سون طوفانوں کی لپیٹ میں آ گئی، جہاں آسمانی بجلی گرنے کے مختلف واقعات میں 33 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ افسوسناک واقعات بدھ اور جمعرات کے درمیان شدید بارشوں اور طوفانوں کے نتیجے میں پیش آیا۔

ریاستی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں اکثریت کسانوں اور مزدوروں کی تھی، جو کھلے آسمان تلے کھیتوں اور تعمیراتی مقامات پر کام کر رہے تھے۔

وزیر برائے ڈیزاسٹر مینجمنٹ وجے کمار منڈل نے فرانسیسی خبر رساں ادارے (AFP) کو بتایا کہ خطرے سے دوچار اضلاع کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ آسمانی بجلی سے متعلق الرٹس جاری ہونے کے بعد عوام کو فوری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ترغیب دیں۔

محکمہ موسمیات نے بہار کے کئی علاقوں میں مزید بارشوں اور آسمانی بجلی گرنے کی پیش گوئی کرتے ہوئے عوام کو گھروں کے اندر رہنے اور کھلے میدانوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔

حکومت نے مرنے والے افراد کے لواحقین کیلئے 40 لاکھ روپے فی کس معاوضے کا اعلان کیا ہے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صرف 2024 میں اب تک آسمانی بجلی گرنے سے 243 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ پچھلے سال یہ تعداد 275 تھی۔

واضح رہے کہ بہار سمیت بھارت کے مشرقی علاقوں میں ہر سال مون سون کے دوران شدید بارشوں اور سیلاب سے تباہی پھیلتی ہے، جس سے نہ صرف انسانی جانیں ضائع ہوتی ہیں بلکہ ہزاروں خاندان نقل مکانی پر مجبور ہو جاتے ہیں۔