شاپنگ مال میں خوفناک آتشزدگی، 50 افراد جاں بحق
Iraq shopping mall fire
فائل فوٹو
بغداد: (ویب ڈیسک) عراق کے جنوبی شہر کوت میں بدھ کی رات ایک بڑے شاپنگ مال میں خوفناک آگ بھڑک اُٹھی،جس کے نتیجے میں اب تک کم از کم 50 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق یہ سانحہ شہر کے مرکزی علاقے میں واقع پانچ منزلہ شاپنگ سینٹر میں پیش آیا، جہاں سینکڑوں افراد خریداری میں مصروف تھے کہ اچانک آگ بھڑک اٹھی، آگ اتنی شدت سے پھیلی کہ کئی افراد عمارت کے اندر ہی پھنس گئے۔

عراقی صوبے واسط کے گورنر نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ریسکیو اور فائر بریگیڈ کی درجنوں گاڑیاں موقع پر روانہ کی گئیں اور کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں بعض کی حالت تشویشناک ہے۔

یہ بھی پڑھیں:شام: دو گروپوں میں مسلح تصادم، 89 افراد ہلاک

مقامی حکام کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکیں تاہم تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے، 48 گھنٹوں میں ابتدائی رپورٹ پیش کی جائے گی۔

واقعے کے بعد شہر میں فضا سوگوار ہے جبکہ متاثرہ خاندانوں کیلئے ہنگامی امداد کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا پر اس اندوہناک واقعے پر شدید دکھ اور افسوس کا اظہار کیا جا رہا ہے۔