پاکستان کی طرح بھارت میں بھی نہ صرف شادیوں پر کروڑوں روپے خرچ کیے جاتے ہیں بلکہ بعض علیحدگیاں بھی بہت مہنگی ثابت ہوتی ہیں۔ بالی وڈ اور کھیلوں سے تعلق رکھنے والی مشہور شخصیات کی طلاقیں اکثر سرخیوں میں رہتی ہیں جن میں پاکستان کے سابق کپتان شعیب ملک، بھارتی کرکٹر ہاردک پانڈیا اور شیکھر دھون شامل ہیں۔
شعیب ملک اور ثانیہ مرزا
پاکستانی کرکٹر شعیب ملک اور بھارتی ٹینس سٹار ثانیہ مرزا کی شادی 2010 میں ہوئی جسے دونوں ممالک میں بڑی مقبولیت ملی۔ تاہم رواں برس دونوں نے علیحدگی کا اعلان کیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شعیب ملک نے ثانیہ مرزا کو 15 کروڑ بھارتی روپے علیحدگی کے تصفیے کے طور پر ادا کیے۔ ان کی طلاق کو بھارت کی مہنگی ترین طلاقوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔
ہاردک پانڈیا اور نتاشا اسٹینکووچ
بھارتی کرکٹر ہاردک پانڈیا نے 2020 میں سربیئن اداکارہ و ماڈل نتاشا اسٹینکووچ سے شادی کی لیکن ان کی شادی بھی زیادہ عرصہ نہیں چل سکی۔ رواں سال جولائی میں، دونوں نے انسٹاگرام پر اپنی علیحدگی کی تصدیق کی۔
رپورٹس کے مطابق ہاردک نے نتاشا کو اپنے 70 فیصد اثاثے دیے جو تقریباً 94 کروڑ بھارتی روپے کی مالیت کے تھے جس نے ان کی طلاق کو بھارت کی سب سے مہنگی طلاقوں میں شامل کر دیا۔
شیکھر دھون اور عائشہ مکھرجی
بھارتی کرکٹر شیکھر دھون نے 2012 میں عائشہ مکھرجی سے شادی کی لیکن یہ رشتہ بھی زیادہ عرصہ نہ چل سکا۔ دونوں نے 2023 میں انسٹاگرام کے ذریعے اپنی علیحدگی کی تصدیق کی۔
رپورٹس کے مطابق اس سال شیکھر نے علیحدگی کے تصفیے کے طور پر عائشہ کو 13 کروڑ بھارتی روپے ادا کیے۔
بالی ووڈ کی مہنگی ترین طلاقیں
کھیلوں کی شخصیات کی طرح بالی ووڈ میں بھی مہنگی طلاقوں کی مثالیں موجود ہیں۔ ہریتھک روشن اور سوزین خان، کرشمہ کپور اور سنجے کپور، سیف علی خان اور امرتا سنگھ، عامر خان اور رینا دتہ، اور ارباز خان اور ملائیکہ اروڑا کی طلاقیں بالی ووڈ کی سب سے مہنگی طلاقوں میں شمار کی جاتی ہیں۔