سنگاپور کے چانگی ایئرپورٹ پر پاسپورٹ کلیئرنس کیلئے روایتی طریقے کو ختم کرتے ہوئے بائیو میٹرک ٹیکنالوجی کا قانون نافذ کر دیا گیا ہے۔
چانگی ایئرپورٹ کے تمام ٹرمینلز پر اب بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے کلیئرنس کا عمل مکمل ہوگا،جس سے وقت میں نمایاں کمی آئے گی۔
ذرائع کے مطابق چانگی ایئرپورٹ پر نئے نظام کے نفاذ سے امیگریشن کا عمل پہلے سے بہت زیادہ تیز ہو گیا ہے اور کلیئرنس کا اوسط وقت 10 سیکنڈز تک محدود ہو گیا ہے۔
امیگریشن اینڈ چیک پوائنٹس اتھارٹی (آئی سی اے) نے بتایا کہ سنگاپور کے شہری اب پاسپورٹ دکھائے بغیر چہرے اور ایرس کے بائیو میٹرک ڈیٹا کے ذریعے کلیئرنس کر سکیں گے،جس سے ان کا سفر مزید آسان ہو جائے گا۔
غیر ملکی مسافروں کیلئے بھی یہ تبدیلی ایک خوشخبری ہے،سنگاپور سے روانہ ہونے والے غیر ملکیوں کو اب پاسپورٹ کی ضرورت نہیں ہوگی۔وہ بھی بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے ایئرپورٹ پر اپنی کلیئرنس حاصل کر سکیں گے۔تاہم سنگاپور میں داخلے کے وقت غیر ملکی مسافروں کو اب بھی پاسپورٹ دکھانا ضروری ہوگا۔
آئی سی اے نے غیر ملکی مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفر کے دوران اپنے پاسپورٹ ساتھ رکھیں تاکہ کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے بچا جا سکے۔
واضح رہے کہ سنگاپور کی جانب سے جدید ترین بائیو میٹرک ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے امیگریشن کے عمل کو مزید آسان اور تیز بنانا اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ کس طرح اپنے سفری تجربے کو مزید بہتر بنا رہے ہیں۔بائیو میٹرک کلیئرنس کے نظام سے مسافروں کو وقت اور پیچیدہ مراحل سے بچنے کا موقع ملے گا،جو سنگاپور کو ٹیکنالوجی میں ترقی کی جانب ایک اور اہم قدم بنا رہا ہے۔