جنوبی کوریا میں روبوٹ کی خودکشی کا حیران کن واقعہ
Image
گومی:(ویب ڈیسک)جنوبی کوریا کے شہر گومی میں پیش آنے والے ایک عجیب اور حیران کن واقعے میں، ایک روبوٹ کی مبینہ خودکشی نے سب کی توجہ حاصل کر لی ہے۔
 
یہ واقعہ بدھ کے روز پیش آیا جب ایک سرکاری بلدیاتی دفتر میں معمول کے انتظامی امور انجام دینے والا روبوٹ معطل ہو کر سیڑھی کی جانب حرکت میں آیا اور خود کو سیڑھی سے گرا کر برباد کر لیا۔
 
حکام کے مطابق، یہ روبوٹ Bear Robotics نامی امریکی کمپنی کا تیار کردہ تھا اور اس کی بظاہر معطلی اور پھر دانستہ طور پر سیڑھی کی جانب حرکت کرنا کئی سوالات کو جنم دیتا ہے۔
 
 ابتدائی تحقیقات کے مطابق، اس واقعے کے پیچھے روبوٹ کی پروگرامنگ میں ممکنہ خامیاں اور مصنوعی ذہانت کے برتاؤ کے نفسیاتی زاویے شامل ہو سکتے ہیں۔
 
یہ روبوٹ روزانہ صبح نو سے شام چھ بجے تک کام کرتا تھا اور دیگر روبوٹوں کے برعکس لفٹ بلا کر دوسری منزلوں پر جانے کی صلاحیت بھی رکھتا تھا۔ تاہم، حالیہ واقعے نے اس کی پروگرامنگ میں موجود ممکنہ خامیوں پر روشنی ڈالی ہے۔
 
ماہرین نے اس واقعے کے ممکنہ اسباب کی تشریح کی ہے۔ ChatGPT سے کیے گئے سوال پر اس نے تین امکانات پیش کیے:
 
1. سینسر کی خرابی: روبوٹ کے سینسر، جو اس کی نقل و حرکت کے ذمہ دار ہوتے ہیں، نے کام کرنا چھوڑ دیا ہو۔ اس کے نتیجے میں روبوٹ نے بغیر سوچے سمجھے خطرناک حرکت کی۔
 
2. نیویگیشن الگوردم کی غلطیاں: روبوٹ کے نیویگیشن الگوردم میں بعض غلطیاں ہو سکتی ہیں جن کے سبب وہ سیڑھی کی جانب متحرک ہو گیا۔ یہ خامیاں پروگرامنگ کی غلطیوں یا تیاری کے مرحلے میں ناکافی آزمائش کے سبب جنم لے سکتی ہیں۔
 
3. پروگرامنگ کا تعطل: پروگرامنگ کے تعطل کے نتیجے میں بے قاعدہ برتاؤ سامنے آ سکتا ہے۔ اس تعطل کا سبب آپریشنل کمانڈز میں تصادم یا میموری فلو میں مشکلات ہو سکتی ہیں۔
 
روبوٹ اپنے احاطے کے اندر نقل و حرکت کے لیے پاتھ فائنڈنگ الگوردم کا استعمال کرتے ہیں۔ اگر ان الگوردم کو درست طور پر ڈیزائن نہ کیا جائے تو روبوٹ "خطرناک" یا "غیر محفوظ" فیصلے کر سکتا ہے۔ اس حادثے نے روبوٹ کی آرمائش کے حوالے سے تمام لازمی جانچ مکمل کرنے کی شدید اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔
 
جنوبی کوریا روبوٹ کے حوالے سے اپنے جوش اور ولولے کے سبب معروف ہے۔ انٹرنیشنل فیڈریشن آف روبوٹکس کے مطابق، یہاں روبوٹوں کی کثافت کا تناسب دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔ یہاں ہر دس ملازمین کے لیے ایک روبوٹ موجود ہے، جو ملک کی روبوٹکس ٹیکنالوجی میں دلچسپی اور اس کے استعمال کی مثال ہے۔
 
یہ واقعہ اس بات کی یاد دہانی ہے کہ روبوٹکس میں مزید بہتری اور جانچ کی ضرورت ہے تاکہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے اور مستقبل میں مصنوعی ذہانت کے برتاؤ کو بہتر بنایا جا سکے۔