پاکستانی زرمبادلہ میں سوفٹ ویئر ہاوسز اور ٹیکنالوجی کا اہم کردار
Image
لاہور: (سنو نیوز) پاکستانی سوفٹ ویئر ہاؤسز قیمتی زرمبادلہ کمانے کا بڑا ذریعہ بنتے جا رہے ہیں، مئی میں انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکسپورٹس تاریخ کی بلند ترین سطح سے تجاوز کر گئیں، سروسز سیکٹر نے رواں مالی سال کے گیارہ ماہ میں 7 ارب ڈالر کی خدمات برآمد کیں۔

 پاکستان کے انفارمیشن ٹیکنالوجی سیکٹر نے ایک نئی تاریخ رقم کر دی، مئی میں 33 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی ٹیکنالوجی ایکسپورٹس ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں، ادارہ شماریات نے اعداد و شمار جاری کردیئے۔

 

ایک سال پہلے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی برآمدات کا حجم 23 کروڑ 60 لاکھ ڈالر تھا، مئی میں آئی ٹی ایکسپورٹس میں 41 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

 

رواں مالی سال کے 11 ماہ میں پاکستانی سوفٹ ویئر ہاؤسز نے 2 ارب 92 کروڑ 50 لاکھ ڈالر سے زائد کا زرمبادلہ اکٹھا کیا، مشرق وسطیٰ میں سعودی عرب پاکستانی آئی ٹی کا سب سے بڑا خریدار رہا، دیگر خلیجی ممالک میں متحدہ عرب امارت میں آئی ٹی کی مانگ مسلسل بڑھ رہی ہے۔

 

سروسز کے دیگر سیکٹرز نے مئی میں 68 کروڑ 80 لاکھ ڈالر خدمات کی فراہمی سے کمائے، سالانہ بنیادوں پر سروسز سیکٹر کی ایکسپورٹس میں 8 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

 

ادارہ شماریات کا کہنا ہے جولائی سے مئی تک پاکستان نے سروسز سیکٹر کی ایکسپورٹس سے 7 ارب 13 کروڑ ڈالر کا قیمتی زرمبادلہ کمایا، ایک سال پہلے گیارہ ماہ کے مقابلے میں سروسز سیکٹر کی برآمدات میں 23 فیصد اضافہ ہوا ہے۔