ٹک ٹاک شاپ ایپلی کیشن پر خصوصی کاروباری ٹیب ہے جو کہ امریکا سمیت متعدد بڑے ممالک میں پیش کیا جا چکا ہے، تاہم اسے تاحال پاکستان میں پیش نہیں کیا گیا۔
ٹک ٹاک شاپ فیس بک اور واٹس ایپ بزنس کی طرح ہے، جہاں کاروباری لوگ اپنا کاروبار کر سکتے ہیں۔
اسی طرح اب ٹک ٹاک نے ٹک ٹاک شاپ پر تصاویر کو سرچ کرنے کا فیچر پیش کردیا، اب وہاں پر صارفین کوئی بھی تصویر دے کر اس سے ملتی جلتی یا اسی تصویر کو دیگر شاپس پر دیکھ سکیں گے۔
ٹک ٹاک پر مذکورہ فیچر گوگل لینس کی طرح ہی کام کرے گا، یعنی صارف کسی بھی تصویر پر لینس کر کے اس جیسی دیگر تصاویر اور پروڈکٹس بھی دیکھ سکیں گے۔
مذکورہ فیچر کو ٹک ٹاک شاپ پر متعارف کرائے جانے کے بعد ممکنہ طور پر بعد ازاں شارٹ ویڈیو ایپلی کیشن پر بھی پیش کیا جائے گا۔
ٹک ٹاک پر پہلے ہی مواد، ویڈیوز اور وہاں اپلوڈ کی گئی تصاویر کو سرچ کرنے کا فیچر موجود ہے لیکن اب ٹک ٹاک پر گوگل سرچ انجن کی طرح کے فیچر کو پیش کیے جانے کا امکان ہے۔