
لاہور قلندرز کے کامیاب ترین کپتان شاہین آفریدی کو ایچ بی ایل پی ایس ایل ایکس کی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے، پی ایس ایل کے رواں سیزن میں شاہین آفریدی 19 وکٹوں کے ساتھ فضل محمود کیپ کے حقدار بھی قرار پائے۔
اسی طرح لاہور قلندرز کے فخر زمان، سکندر رضا بھی پی ایس ایل ٹیم کا حصہ ہیں، فخر زمان نے 13 میچز میں 439 رنز بنائے جن میں ان کی 4 نصف سنچریاں بھی شامل ہیں جبکہ سکندر رضا کے 11 میچز میں 254 رنز اور 10 وکٹیں ہیں۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 3 کھلاڑی پی ایس ایل ٹیم کا حصہ بنے،حسن نواز رواں سیزن کے بہترین بیٹر قرار پائے، انہوں نے 12 میچز میں 399 رنز بنائے جن میں ان کی ایک سنچری اور 3 نصف سنچریاں شامل ہیں۔
گلیڈی ایٹرز کے فہیم اشرف کی 17 وکٹوں اور 163 رنز کی بدولت انہیں پی ایس ایل ٹیم میں شامل کیا گیا جبکہ ابرار احمد نے 12 میچز میں 17 وکٹیں حاصل کرکے ٹیم میں جگہ بنائی۔
کراچی کنگز کے ڈیوڈ وارنر، جیمز وِنس اور حسن علی بھی ٹیم آف ٹورنامنٹ کا حصہ ہیں، ڈیوڈ وارنر کے 368 اور جیمز ونس کے 378 رنز کی بدولت انہیں ٹیم میں منتخب کیا گیا۔
اسی طرح اسلام آباد کے صاحبزادہ فرحان نے 449 رنز کے ساتھ حنیف محمد کیپ حاصل کی ، پشاور زلمی کے علی رضا نے بطور ایمرجنگ پلیئر 9 میچز میں 12 وکٹیں حاصل کیں اور ٹیم ٖآف ٹورنامنٹ میں جگہ بنائی جبکہ کراچی کنگز کے خوشدل شاہ کو 12ویں کھلاڑی کے طور پر پی ایس ایل الیون کا حصہ بنایا گیا ہے۔