پاکستان کرکٹ ٹیم نے ٹی 20 میں منفرد اعزاز اپنے نام کرلیا
File Photo
لاہور: (سنو نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم نے 250 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیل کر ٹی 20 کرکٹ میں تاریخی سنگ میل عبور کرتے ہوئے دنیا کی پہلی ٹیم بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

آج پاکستان نے 3 میچز کی سیریز کے دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں زمبابوے کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی، زمبابوے نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، لیکن پاکستانی بولرز کے سامنے ان کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم محض 57 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

پاکستان نے 58 رنز کا ہدف صرف 5.4 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے حاصل کرلیا، جس سے ٹیم کی کارکردگی کی ڈھاک بیٹھ گئی۔

اس میچ میں پاکستانی بولرز نے شاندار کارکردگی دکھائی۔ نوجوان اسپنر سفیان مقیم نے صرف 3 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ دیگر بولرز نے بھی زمبابوے کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر دیا۔

زمبابوے کے خلاف دوسرا میچ پاکستان کرکٹ ٹیم کا 250واں ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ تھا۔ یہ کارنامہ سرانجام دے کر گرین شرٹس دنیا کی واحد ٹیم بن گئی ہے جس نے اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ میچز کھیلے ہیں۔

پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی ریکارڈز:

  • کھیلے گئے میچز: 250
  • جیتے گئے میچز: 144
  • ہارے گئے میچز: 95
  • برابر میچز: 4 (جس میں 3 کا فیصلہ سپر اوور اور ایک کا بال آؤٹ میں ہوا)
  • بے نتیجہ میچز: 7

سب سے زیادہ ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے والی ٹیموں میں بھارت دوسرے نمبر پر ہے جس نے 242 میچز کھیلے ہیں۔

واضح رہے کہ یہ کارنامہ ظاہر کرتا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ٹی 20 فارمیٹ میں دنیا کی سب سے زیادہ کامیاب اور متحرک ٹیم ہے ، پاکستان کا اس فارمیٹ میں مستقبل کافی روشن ہے۔