پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان اسپنر سفیان مقیم نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں تاریخ رقم کرتے ہوئے سابق فاسٹ بولر عمر گل کا 15 سالہ ریکارڈ توڑ دیا۔ انہوں نے زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں شاندار بولنگ کے ذریعے یہ اعزاز اپنے نام کیا۔
آج کھیلے گئے دوسرے ٹی 20 میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر 3 میچز کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔
زمبابوے کے کپتان سکندر رضا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، لیکن یہ فیصلہ ان کے لیے مہنگا ثابت ہوا۔ پاکستانی بولرز نے عمدہ کارکردگی دکھائی اور زمبابوے کی پوری ٹیم محض 57 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
پاکستان کی جانب سے بائیں ہاتھ کے اسپنر سفیان مقیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے صرف 2.4 اوورز میں 3 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اس کارکردگی کے ساتھ سفیان نے پاکستانی بولر کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنلز میں سب سے بہترین بولنگ فیگرز کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔
اس سے قبل یہ اعزاز عمر گل کے پاس تھا، جنہوں نے 2009 میں نیوزی لینڈ اور 2013 میں جنوبی افریقا کے خلاف 6 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
سفیان مقیم کی شاندار کارکردگی نے نہ صرف پاکستان کو فتح دلائی بلکہ انہیں مستقبل کے اسٹار کے طور پر بھی نمایاں کر دیا۔ سفیان نے اب تک کھیلے گئے 7 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز میں 14 وکٹیں حاصل کی ہیں، جو ان کی شاندار بولنگ کی عکاسی کرتی ہیں۔
پاکستان نے یہ میچ بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے جیت لیا۔ عمیر بن یوسف اور صائم ایوب نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے زمبابوے کے ہدف کو باآسانی پورا کیا۔