تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو یک طرفہ مقابلے بعد شکست دے کر سیریز میں 2-0 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔
بلاوایو میں کھیلے جانے والے میچ میں زمبابوے کے کپتان سکندر رضا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، لیکن یہ فیصلہ ان کی ٹیم کے حق میں نہ جا سکا۔ پاکستانی بولرز کی شاندار کارکردگی کے سامنے میزبان ٹیم کی بیٹنگ لائن مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی اور پوری ٹیم صرف 12.4 اوورز میں 57 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
زمبابوے کے 9 بیٹرز ڈبل فیگرز میں بھی داخل نہ ہو سکے۔ برائن بینٹ 21 اور مارومانی 16 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ دیگر کھلاڑی پاکستانی بولنگ کے سامنے بے بس نظر آئے۔
پاکستان کی جانب سے نوجوان سپنر سفیان مقیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے محض 3 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ان کے علاوہ عباس آفریدی نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ابرار احمد، حارث رؤف، اور سلمان علی آغا نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
زمبابوے کے 58 رنز کے آسان ہدف کے تعاقب میں پاکستانی اوپنرز صائم ایوب اور عمیر بن یوسف نے جارحانہ بلے بازی کرتے ہوئے پاور پلے میں ہی میچ جیت لیا، صائم ایوب نے 6 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 18 گیندوں پر 36 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی جبکہ عمیر بن یوسف نے 15 گیندوں پر 2 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 22 رنز سکور کیے۔
خیال رہے کہ پاکستان نے دوسرے میچ کے لئے ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔ قومی ٹیم کی قیادت سلمان آغا نے کی، دیگر کھلاڑیوں میں صائم ایوب، عمیر بن یوسف، عثمان خان، طیب طاہر، عرفان خان، جہانداد خان، عباس آفریدی، حارث رؤف، ابرار احمد، اور سفیان مقیم شامل تھے۔
یاد رہے کہ پاکستان کو تین میچز کی سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل ہو چکی ہے، پہلے میچ میں قومی ٹیم نے زمبابوے کو 57 رنز سے شکست دی تھی۔
قبل ازیں پاکستان نے فائنل میچ میں بنگلادیش کو 10 وکٹوں سے شکست دے کر بلائنڈ ٹی 20 ورلڈ کپ کا تاج بھی اپنے سر سجا لیا، ملتان میں کھیلے گئے بلائنڈ ٹی 20 ورلڈ کپ کے فائنل میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بنگلادیش کی ٹیم نے 7 وکٹوں پر 139رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 140 رنز کا ہدف دیا۔
پاکستان نے مطلوبہ ہدف بغیر کسی نقصان کے پورا کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو 10 وکٹوں سے پچھاڑ دیا، قومی ٹیم کی جانب سے نثار علی نے 22 گیندوں پر شاندار نصف سنچری بنائی۔
اس طرح پاکستان نے پہلی بار بلائنڈ ٹی 20 ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا، مزید براں پاکستانی ٹیم بلائنڈ ٹی 20 ورلڈکپ میں ناقابل شکست رہی۔