
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے لاہور سے کراچی آنے والی پرواز کے مسافر کو جدہ پہنچانے کے واقعہ پر تحقیقات مکمل کرلیں جس میں ایئر سیال کو غفلت کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے شوکاز نوٹس جاری کرنے اور جرمانہ عائد کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جعلی پرچوں کا نشانہ ہوں جن کا کوئی سر پیر نہیں: حماد اظہر
ذرائع کے مطابق 7 جولائی کو ایئر سیال کی لاہور سے کراچی جانے والی پرواز میں ملک شاہزین نامی مسافر کو غلطی سے کراچی کے بجائے جدہ پہنچا دیا گیا۔ صورت حال منظرِ عام پر آنے کے بعد ڈی جی سول ایوی ایشن نادر شفیع ڈار کی ہدایت پر ایوی ایشن سیکورٹی کے ڈائریکٹر شاہد قادر نے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کیا۔
تحقیقات کے دوران ایئرلائن کے عملے کی سنگین غفلت سامنے آئی، جسے واقعہ کا ذمہ دار ٹھہرایا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی نکات سنو نیوز کو موصول ہوگئے جن کے مطابق سول ایوی ایشن نے ایئر سیال کو شوکاز نوٹس جاری کرنے اور جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ مستقبل میں ایسی سنگین غلطیوں کو کسی صورت درگزر نہیں کیا جائے گا۔