
نیب نے ملک بھر میں پلاٹس کی تصدیق کیلئے ایک جدید ترین آن لائن ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا ہے، جس کا افتتاح چیئرمین نیب کی جانب سے جلد ہی کیا جائے گا۔
رپورٹس کے مطابق اس سسٹم کی خاص بات یہ ہے کہ یہ ایک لیک پروف (Leak-proof) آن لائن پلیٹ فارم ہوگا، جس کے ذریعے ہر شہری با آسانی کسی بھی پلاٹ یا ہاؤسنگ سوسائٹی کی قانونی حیثیت، این او سی، نقشہ، اصل مالکان کی تفصیلات اور دیگر اہم معلومات صرف چند کلکس میں معلوم کر سکے گا۔
نیب کے مطابق اس الٹرا ماڈرن سسٹم کو نیب اسلام آباد/ راولپنڈی کے ڈائریکٹر جنرل اور ان کی ٹیم نے تیار کیا ہے، جو مکمل طور پر ملک بھر کے پلاٹس کا ریکارڈ ایک پلیٹ فارم پر مہیا کرے گا۔ اب خریدار کسی بھی پلاٹ کی آن لائن تصدیق شدہ رپورٹ حاصل کر کے اس کی خرید و فروخت کیلئے قانونی حیثیت کا تعین کر سکے گا۔
ترجمان نیب کے مطابق یہ نظام پاکستان کے تمام ریگولیٹری اداروں، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عام شہریوں کیلئے ایک طاقتور اور موثر ٹول ثابت ہوگا۔ اس پلیٹ فارم سے اوور سیلنگ، جعلی فائلز، غیر قانونی زمینوں کی خرید و فروخت جیسے جرائم کی روک تھام ممکن ہو سکے گی۔
یہ بھی پڑھیں:بچے کا (ب) فارم بنوانے کا مکمل طریقہ جانیے
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سسٹم میں ہر پلاٹ کا تفصیلی ریکارڈ موجود ہوگا، شہری صرف پلاٹ نمبر کے ذریعے اس کی قانونی تصدیق کر سکیں گے۔ اس رپورٹ کو عدالتوں میں بطور قانونی دستاویز بھی پیش کیا جا سکے گا، جس سے خریدار کو کسی بھی ممکنہ دھوکہ دہی سے بچایا جا سکے گا۔
دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ یہ قدم نہ صرف پراپرٹی مارکیٹ میں شفافیت لائے گا بلکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بحال کرے گا۔ اس نظام کی بدولت نہ صرف عوام کو سہولت میسر آئے گی بلکہ پراپرٹی مافیا اور جعلسازوں کی سرگرمیوں پر بھی کاری ضرب پڑے گی۔