رکن قومی اسمبلی و سابق گورنر پنجاب میاں محمد اظہر انتقال کرگئے
رکن قومی اسمبلی و سابق گورنر پنجاب میاں محمد اظہر انتقال کرگئے۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) رکن قومی اسمبلی و سابق گورنر پنجاب میاں محمد اظہر انتقال کرگئے۔

خاندانی ذرائع کے مطابق میاں اظہر کافی علیل تھے اور تین دن سے ہسپتال میں زیر علاج تھے تاہم جانبر نہ ہو سکے اور خالق حقیقی سے جا ملے، میاں محمد اظہر کی نماز جنازہ بدھ کے روز دوپہر ڈیڑھ بجے قذافی سٹیڈیم میں ادا کی جائے گی۔

خیال رہے کہ میاں محمد اظہر سابق وفاقی وزیر حماد اظہر کے والد ہیں، کارکن کی حیثیت سے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کرنے والے زیرک سیاستدان میاں محمد اظہر1987ء سے 1991ء تک لاہور کےمیئر رہے جب کہ1990 ءسے 1992 ءتک گورنر پنجاب کے عہدے پر فائز رہے۔

میاں محمد اظہر مرحوم نے مسلم لیگ ن کے ساتھ عملی سیاسی زندگی کی ابتدا کی تھی بتاہم بعدازاں میاں نوازشریف کی جلا وطنی کے دوران وہ پاکستان مسلم لیگ ق کا حصہ بن گئے۔

2002 کے عام انتخابات میں شکست کے بعد میاں اظہر عملی سیاست سے علیحدہ ہو گئے تھے، 2013 میں حماد اظہر کی سیاست میں انٹری کے بعد میاں اظہر دوبارہ متحرک ہوئے ، 2024 میں حماد اظہر کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے بعد میاں اظہر نے عام انتخابات میں حصہ لیا۔

فروری 2024 میں اظہر ن لیگ کے امیدوار میاں حافظ نعمان کو بھاری اکثریت سے شکست دے کر لاہور کے حلقہ این اے 129 سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

رہنما تحریک انصاف و رکن پنجاب اسمبلی حافظ فرحت عباس نے میاں محمد اظہر کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیاست میں شرافت کا ایک باب ختم ہو گیا، میاں اظہر کی وفات ہمارے لیے افسردگی کا باعث ہے۔

حافظ فرحت عباس کا مزید کہنا تھا کہ میاں محمد اظہر مرحوم نے ہمیشہ شرافت کی سیاست کی اور ان کے مخالفین بھی ان کی شرافت کے معترف تھے۔