سینیٹ میں سوشل میڈیا صارفین کی عمر کی حد مقرر کرنے کا بل پیش
سینیٹ میں سوشل میڈیا صارفین کی عمر کی حد مقرر کرنے کا بل پیش کردیا گیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) سینیٹ میں سوشل میڈیا صارفین کی عمر کی حد مقرر کرنے کا بل پیش کردیا گیا۔

چیئرمین سید یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس ہوا جس میں سینیٹر مسرور احسن اور سینیٹر سرمد علی نے سوشل میڈیا صارفین کی عمر کی حد مقرر کرنے کے حوالے سے بل پیش کیا، چیئرمین سینیٹ نے بل قائمہ کمیٹی کے سپرد کردیا۔

سینیٹر سرمد علی نے کہا کہ چھوٹے چھوٹے بچے سوشل میڈیا اور موبائل کا استعمال کرتے رہتے ہیں، بل کا مقصد بچوں کو آن لائن استحصال، سائبر بلیئنگ اور نقصان دہ مواد سے بچانا ہے۔

مجوزہ بل کے مطابق سوشل میڈیا صارف کی عمر کی حد بندی 16 سال ہوگی، سوشل میڈیا پلیٹ فارم کم عمر صارف کو اکاؤنٹ بنانے سے روکے گا، اگر سوشل میڈیا پلیٹ فارم کم عمر بچے کو اکاؤنٹ بنانے کی اجازت دے تو اسے 50 ہزار سے 50 لاکھ روپے تک جرمانہ ہوگا۔

سینیٹ میں پیش کیے گئے بل میں یہ بھی کہا گیا کہ کم عمر بچے کو سوشل میڈیا اکاؤنٹ بنانے میں سہولت دینے والے کو بھی 6 ماہ تک قید اور 50 ہزار سے 50 لاکھ روپے تک جرمانہ ہوگا۔

بل کے متن میں مزید کہا گیا کہ پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کم عمر سوشل میڈیا اکاؤنٹس کو بلاک کرے گا، اقدامات کرے گا کہ کم عمر اکاؤنٹ نہ بنا سکیں۔