
ترجمان دفتر خارجہ کا بھارتی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پہلگام واقعہ کو پاکستان میں کالعدم جماعت لشکر طیبہ سے جوڑنا حقائق کے منافی ہے، پاکستان نے مؤثر اور جامع طریقے سے تمام لشکر طیبہ اور اس سے متعلقہ تنظیموں کو ختم کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کالعدم تنظیموں کی قیادت کو گرفتار کیا اور ان کے خلاف مقدمات چلائے، پاکستان نے مؤثر کارروائی کے ذریعے اس تنظیم کے تنظیمی ڈھانچے کو بے اثر بنا دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشتگردی کی ہر شکل کی مذمت کرتا ہے، زیروٹالرنس اور دہشت گردی کے خلاف بین الاقوامی تعاون ہماری پالیسی کی بنیاد ہے، پاکستان دہشت گردی کے خلاف لڑنے والی فرنٹ لائن ریاست ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کا لیپ ٹاپ کی تقسیم کے حوالے سے بڑا فیصلہ
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے ایبی گیٹ بم دھماکے کے ماسٹر مائنڈ دہشت گرد شریف اللہ کی گرفتاری سمیت انسداد دہشت گردی اقدامات کے ذریعے عالمی امن کے حصول میں زبردست کردار ادا کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازع علاقہ ہے ، مقبوضہ کشمیر کے علاقہ پہلگام میں ہونے والے واقعہ کی تحقیقات ابھی تک بے نتیجہ ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ بھارت کے پاس پاکستان مخالف پراپیگنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے اس طرح کے موقعوں سے فائدہ اٹھانے کا ٹریک ریکارڈ موجود ہے تاکہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں ، اپنے غیر ذمہ دارانہ اور بدمعاشی پر مبنی رویے سے بین الاقوامی توجہ ہٹائی جا سکے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان بے مثال قربانیوں اور مؤثر اقدامات کے ذریعے انسداد دہشت گردی کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے، عالمی برادری اجتماعی کوششوں سے دہشتگردی کے عالمی خطرے سے نمٹنے کے لیے معروضی اور غیر امتیازی پالیسیاں اپنائے۔