
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ اورماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے بارے میں تفصیلی جائزہ لیاگیا۔اجلاس میں پنجاب میں میٹرو بس اور اورنج لائن کے لئے ڈیجیٹل پیمنٹ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ اورنج لائن ٹرین اور میٹروبس میں ٹوکن سسٹم ختم کر دیا جائے گا اور کارڈ بیسڈ پیمنٹ کے ذریعے بار کوڈ سسٹم لایا جائے گا۔ کریڈٹ کارڈ، ڈیبٹ کارڈ، اے ٹی ایم کارڈ اور موبائل اکاؤنٹ ایپ کے ذریعے کرائے کی ادائیگی کی جا سکے گی۔ ماس ٹرانزٹ سسٹم میں این ایف سی یعنی کارڈ ٹیپ اور ٹچ کے ذریعے بھی کرایہ ادا کیا جا سکے گا۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میگا کرپشن سکینڈل میں مزید سنسنی خیز انکشافات
لاہور، ملتان، راولپنڈی اور اسلام آباد میں میٹروبس پرکریڈٹ کارڈ اور ڈیبٹ کارڈ کے ذریعے ہی کرائے کی ادائیگی ممکن ہوگی۔ لاہور کی اورنج لائن ٹرین میں بھی ای پیمنٹ سسٹم لاگو کر کے ٹوکن سسٹم جلد ختم کر دیا جائے گا۔ لاہور کی اورنج لائن ٹرین پر کریڈٹ کارڈ، ڈیبٹ کارڈ، پیمنٹ ایپس کے ذریعے کرایہ ادا کیا جاسکے گا۔ اجلاس میں صوبے بھر میں ماس ٹرانزٹ سسٹم کے لئے ایک ہی کارڈ متعارف کرانے کابھی فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے ماس ٹرانزٹ سسٹم کے لئے ٹی کیش کارڈ کی منظوری دے دی۔ ماس ٹرانزٹ سسٹم میں سٹوڈنٹس کے لئے الگ کارڈ متعارف کرایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ میں گریڈ 5 سے 18 تک ٹیکنیکل اسامیوں پر بھرتیوں کی بھی اصولی منظوری دے دی۔
اجلاس میں موٹر سائیکل رکشہ کے متبادل کے طور پر الیکٹرک رکشہ متعارف کرانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے الیکٹرک رکشہ پراجیکٹ کے لئے تجاویز اور سفارشات طلب کر لی ہیں۔ مریم نواز نے پنجاب میں پہلی مرتبہ انٹرنیشنل ٹرانسپورٹ کے لئے ایکسپو کے انعقاد کی بھی اصولی منظوری دے دی۔
عالمی یومِ انصاف پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ جہاں انصاف کا چراغ بجھ جائے تو وہاں ظلم کی تاریکی پورے معاشرے کو نگل لیتی ہے، انصاف نہ ہو تو ترقی اور خوشحالی ادھورا خواب بن جاتی ہے، انصاف وہ سورج ہے جس کی روشنی کے بغیر کسی قوم کی تقدیر کبھی روشن نہیں ہو سکتی، جہاں ناانصافی ہو، وہاں بداعتمادی، نفرت،فتنہ اور انتشار جنم لیتے ہیں۔ ناانصافی نہ صرف فرد کو متاثر کرتی ہے بلکہ فتنہ پورے معاشرے کی جڑوں کو کمزور کر دیتا ہے ۔انصاف کی روشنی ہر فردکی زندگی روشن کر سکتی ہے۔