اسلام آباد ہائیکورٹ: 190 ملین پاؤنڈ کیس میں اہم پیشرفت
 اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزاؤں کی معطلی کے لیے دائر درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کر دی
اسلام آباد ہائیکورٹ/ فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ کرپشن کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی چیئرمین و سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی سزاؤں کی معطلی کے لیے دائر درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کر دی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف پر مشتمل دو رکنی بینچ ان درخواستوں پر سماعت کرے گا۔ رجسٹرار آفس نے اس حوالے سے باقاعدہ کاز لسٹ جاری کر دی، جس کے مطابق دونوں درخواستوں پر رجسٹرار آفس کی جانب سے کچھ اعتراضات اٹھائے گئے تھے، تاہم عدالت نے ان اعتراضات کے ساتھ ہی کیس کو سماعت کے لیے مقرر کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس میں احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو سزا سنائی تھی۔ اس فیصلے کے خلاف دونوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیلیں دائر کی تھیں جن میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ان کے خلاف مقدمہ سیاسی بنیادوں پر بنایا گیا اور مقدمے میں قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔ درخواست گزاروں نے عدالت سے استدعا کی کہ جب تک اپیلوں کا فیصلہ نہیں ہوتا، تب تک ان کی سزاؤں کو معطل کیا جائے۔

اس کیس کا تعلق برطانیہ سے پاکستان منتقل ہونے والی 190 ملین پاؤنڈ کی رقم سے ہے، جس پر نیب نے سابق وزیراعظم عمران خان پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے یہ رقم غیر قانونی طریقے سے استعمال کی اور اس حوالے سے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا گیا۔ نیب کی تحقیقات کے بعد احتساب عدالت نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کو مجرم قرار دیا اور قید و جرمانے کی سزائیں سنائیں۔

اب یہ کیس اسلام آباد ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے اور 8 مئی کو اس کی اہم سماعت ہوگی جس میں یہ طے کیا جائے گا کہ آیا سزاؤں کو معطل کیا جائے یا نہیں۔ اس کیس کو ملک کی سیاسی و قانونی فضا میں خاصی اہمیت حاصل ہے، اور تمام نظریں 8 مئی کو ہونے والی سماعت پر مرکوز ہیں۔