نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق علی پلھ نے اپنا استعفیٰ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کو ارسال کر دیا ہے۔ انہوں نے اپنے استعفے کی وجہ ذاتی مصروفیات بتائی ہیں، جس کی وجہ سے وہ اپنے عہدے کی ذمہ داریاں مؤثر طریقے سے انجام دینے سے قاصر تھے۔
علی پلھ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ وہ پارٹی کو وقت نہیں دے پا رہے تھے اور محسوس کرتے ہیں کہ ان کے عہدے پر کوئی دوسرا کارکن زیادہ بہتر طریقے سے پارٹی کیلئے خدمات انجام دے سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے یہ فیصلہ پارٹی کے بہترین مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے لیا ہے تاکہ عہدے کی ذمہ داریاں بہتر انداز میں نبھائی جا سکیں۔
پاکستان تحریک انصاف سندھ میں علی پلھ کے استعفے کو پارٹی کیلئے ایک اہم تبدیلی قرار دیا جا رہا ہے۔ اس فیصلے کے بعد پی ٹی آئی کی قیادت جلد ہی نئے جنرل سیکرٹری کے نام کا اعلان کرے گی جو اس عہدے پر ذمہ داریاں سنبھالے گا۔
علی پلھ کے استعفے کو لیکر پارٹی کارکنوں میں مختلف آراء پیدا ہورہی ہیں،ان کا کہنا ہے کہ وہ اب بھی ایک کارکن کے طور پر پارٹی کے ساتھ جڑے رہیں گے اور اپنے طور پر پارٹی کی حمایت جاری رکھیں گے۔