قوم کی حمایت سے افواج ہر سازش ناکام بنا دیں گی: آرمی چیف
Army Chief General Syed Asim Munir visited the military troops participating in a field training exercise near Narowal and Sialkot.
گوجرانوالہ: (سنو نیوز) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ قوم کی حمایت سے افواج ہر سازش ناکام بنا دیں گی، مسلح افواج مادر وطن کے دفاع کیلئے تیار ہیں، ہر خطرے کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا جائے گا۔

 آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ناروال اور سیالکوٹ کے قریب فیلڈ ٹریننگ ایکسرسائز میں شریک فوجی دستوں کا دورہ کیا جہاں انہیں مشق کے انعقاد اور مقاصد سے متعلق جامع پریفنگ دی گئی۔

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے فیلڈ مشقوں میں حصہ لینے والے جوانوں سے ملاقات بھی کی، مشق کا مقصد پیشہ ورانہ مہارتوں اور جنگی حکمت عملیوں کو نکھارنا تھا۔ مشق کے اغراض و مقاصد میں ابھرتے ہوئے آپریشنل چیلنجز سے نمٹنے کی مہارت کا حصول شامل ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق مشق کے دوران آرمر، انفنٹری، میکانائزڈ انفنٹری، آرٹلری، ایئر ڈیفنس، آرمی ایوی ایشن، اور اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل یونٹس نے مشترکہ فائر کا مظاہرہ کیا۔ آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر گوجرانوالہ، آئی جی ٹریننگ نے استقبال کیا۔

تمام یونٹس نے منظم اور مربوط آپریشن کے حوالے سے فائر پاور کا مظاہرہ کیا۔ مشقوں میں الیکٹرانک جنگی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔ دشمن کے ذرائع مواصلات میں خلل، تعطل کی مشقیں بھی کی گئیں۔