'بجلی صارفین کے بل آدھے ہوجائیں گے'
Image
لاہور: (سنو نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عوام کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ 45 لاکھ بجلی صارفین کے بل آدھے ہو جائیں گے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو رمضان پیکج ان کی دہلیزتک پہنچایا، رمضان پیکج کے دوران پنجاب میں ضرورت مندوں کا ڈیٹا اکٹھا کیا، جس سے اصل حقداروں کا پتہ چلا، حقداروں کی درجہ بندی کیلئے سوشو اکنامک رجسٹری ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کی 13 کروڑ آبادی ہے، اگر ڈیٹا کے مطابق فیصلے نہیں کرینگے تو ٹارگٹ حاصل نہیں کر سکتے، ہمارے پاس کسانوں کا بھی مکمل ڈیٹا نہیں ہے، مجھے نہیں پتا 13 کروڑ عوام میں سے کتنے لوگ ہیں جن کا اپنا گھر نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چاہتی ہوں پنجاب حکومت کا پیسہ ضائع نہ ہو حق دار کو اس کا حق ملے، اپنا گھر سکیم شروع کرنے جا رہے ہیں، میرے پاس ڈیٹا نہیں کہ پنجاب میں کتنے لوگ بے گھر ہیں، مگر جو اپنی رجسٹریشن کرائیں گے وہ اسکیم کے حق دار بنیں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید بتایا کہ 45 لاکھ صارفین کے لیے سولر سے متعلق بہت بڑا منصوبہ شروع کرنے جا رہے ہیں، پنجاب کے 13 کروڑ لوگوں میں کافی لوگ بجلی کا بل ادا نہیں کرسکتے، 500 یونٹ تک استعمال کرنیوالوں کیلئے سولر پروگرام شروع کرنے جا رہے ہیں، جس سے بجلی کے بل آدھے ہو جائیں گے۔