پنجاب بھر میں تین روز کیلئے دفعہ 144 نافذ
Image
لاہور: (ویب ڈیسک) محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے بھر میں امن و امان کے قیام اور عوام کی حفاظت کے لیے تین دن کے لیے دفعہ 144 نافذ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
 
حکام کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، یہ پابندی 26 جولائی جمعہ سے 28 جولائی اتوار تک نافذ العمل رہے گی۔
 
 اس دوران صوبے بھر میں جلسے جلوس، ریلیاں، دھرنے اور احتجاجی مظاہرے منعقد کرنے پر مکمل پابندی عائد ہوگی۔
 
محکمہ داخلہ پنجاب نے نوٹیفکیشن میں کہا ہے کہ اس اقدام کا مقصد انسانی جانوں اور املاک کی حفاظت کرنا ہے۔ 
 
حکام نے بتایا کہ موجودہ حالات میں دہشت گردی کے خطرات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ عوامی اجتماعات دہشت گردوں کا آسان ہدف نہ بن سکیں۔
 
مزید برآں، نوٹیفکیشن میں انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پابندی کے نفاذ کو یقینی بنائیں اور عوام کو اس بارے میں آگاہ کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر تشہیر کریں۔ 
 
عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے اس پابندی کا نفاذ صوبے بھر میں کیا گیا ہے۔