مون سون بارشوں کے چوتھے سپیل کی پیشگوئی
Image
لاہور: (سنو نیوز) پروونشیل ڈیزاسٹر مینجمینٹ اتھارٹی پنجاب (پی ڈی ایم اے) نے مون سون بارشوں کے چوتھے سپیل کی پیشگوئی کر دی۔

ترجمان پروونشیل ڈیزاسٹر مینجمینٹ اتھارٹی پنجاب (پی ڈی ایم اے) نے کہا کہ پنجاب میں مون سون بارشوں کا چوتھا سپیل آج (22 جولائی) سے شروع ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ آج (22) سے 25 جولائی تک پنجاب میں مون سون بارشیں متوقع ہیں، 23 سے 24 جولائی کے دوران جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کے امکانات ہیں۔ راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، ملتان، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، لاہور، فیصل آباد، ساہیوال اور گجرات ڈویژنز میں مون سون بارشیں متوقع ہیں۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان کاٹھیا نے کہا کہ موسمی صورتحال کے بارے میں متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے، وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایات کے پیش نظر متعلقہ محکمے الرٹ رہیں۔ بڑے شہروں کی انتظامیہ الرٹ رہے اور پیشگی انتظامات مکمل کریں۔

 پی ڈی ایم اے نے کمشنرز، ڈی سیز ،واسا، محکمہ آبپاشی، ریسکیو، سول ڈیفنس اور دیگر متعلقہ محکموں کوبھی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں 24 گھنٹے صورتحال کی مانیٹرنگ ہو رہی ہے، پنجاب میں مون سون بارشوں کے دوران دریاؤں اور ڈیمز میں پانی کی صورتحال نارمل ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام سے التماس ہے کہ حکومتی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں، پرانی عمارتوں، کھمبوں اور آسمانی بجلی کی گرج چمک سے بچاؤ کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں۔ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔