کینوکھانے کے حیران کن فوائد
range juice
لاہور:(ویب ڈیسک) موسم سرما کی آمد کے ساتھ ہی کینو نہ صرف اپنی خوشبو سے فضاء کو معطر کرتا ہے بلکہ غذائیت سے بھرپور فوائد کا خزانہ بھی فراہم ہے۔

یہ ترش پھل نہایت کم کیلوریز کے ساتھ وٹامنز اور اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپور ہوتا ہے، جو صحت کیلئے انمول ہیں۔ 

وٹامن سی سے بھرپور

کینو وٹامن سی کا بہترین ذریعہ ہے، جو جسم میں اینٹی آکسائیڈنٹ کے طور پر کام کرتا ہے اور مدافعتی نظام کو مضبوط بناتا ہے۔ یہ وٹامن موسمی بیماریوں جیسے کہ نزلہ اور زکام سے بچاؤ میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ وٹامن سی جلد کے خلیات کو نقصان دہ مالیکیولز سے محفوظ رکھتا ہے اور جھریوں کو کم کرنے میں بھی معاون ہے۔ 

نظام ہاضمہ کیلئے مفید

کینو ہاضمے کے مسائل میں انتہائی مفید ہے۔ یہ پھل معدے میں آسانی سے جذب ہوتا ہے اور بدہضمی یا کمزور معدے کے شکار افراد کیلئے خاص طور پر فائدہ مند ہے۔ اگر ناشتے میں کینو کا استعمال کیا جائے تو یہ نظام ہاضمہ کو بہتر بناتا ہے اور دن میں دو بار کھانے سے مزید مثبت نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ 

فالج اور دل کی بیماریوں سے بچاؤ

برٹش جرنل آف نیوٹریشن کے مطابق ہفتے میں 8 گلاس کینو کا جوس پینے سے فالج کا خطرہ 25 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔ کینو کا رس دل کی شریانوں کو بھی صحت مند رکھتا ہے اور ان کے متاثر ہونے کا امکان 12 سے 13 فیصد تک کم ہو جاتا ہے۔ 

کینسر سے تحفظ

کینو میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس اور وٹامن سی فری ریڈیکلز کو کم کرتے ہیں، جو کینسر کا باعث بن سکتے ہیں۔ ہالینڈ میں نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ اینڈ انوائرمنٹ کی ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ کینو کا باقاعدہ استعمال جسمانی دفاعی نظام کو بہتر بناتا ہے اور کینسر کے خلاف مزاحمت پیدا کرتا ہے۔ 

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ کینو کے جوس کا روزانہ استعمال دل اور دماغ کی صحت کو بہتر بناتا ہے، جبکہ فالج اور موسمی بیماریوں کے خطرے کو بھی کم کرتا ہے۔