چقندر کا جوس پینے کے حیرت انگیز فوائد
a glass of beetroot's juice
لاہور:(ویب ڈیسک)چقندرایک عام سبزی ہے،جو حیرت انگیز طبی فوائد سے بھرپور ہے۔جدید تحقیق نے چقندر کے جوس کو دماغی کارکردگی اور جسمانی صحت کیلئے ایک قدرتی ٹانک قرار دیا ہے۔

ریڈاکس بائیولوجی جرنل میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق چقندر اور اس کا جوس انسانی جسم میں صحت مند بیکٹیریاز کی افزائش میں مدد فراہم کرتے ہیں،جو نہ صرف دماغی کارکردگی کو بہتر بناتے ہیں بلکہ یادداشت کو بھی وسعت دیتے ہیں۔خاص طور پر وہ افراد جو ذہنی کاموں میں مصروف رہتے ہیں، ان کیلئے چقندر کا جوس ایک قدرتی معاون ہے۔ 

جاری ہونے والی تحقیقاتی رپورٹ میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ چقندر کا استعمال بلڈ پریشر کے مسائل کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ہائی بلڈ پریشر جو ہارٹ اٹیک اور فالج جیسی بیماریوں کا سبب بن سکتا ہے، چقندر کے جوس سے کم کیا جا سکتا ہے۔

واضح رہے کہ چقندر میں موجود نائٹریٹ خون کی نالیوں کو کھولتا ہے اور خون کے بہاؤ کو بہتر بناتا ہے، جس سے دل کی صحت بہتر ہوتی ہے۔ 

غذائی ماہرین کا کہنا ہے کہ چقندر فائبر، فولیٹ، میگنیز، پوٹاشیئم، آئرن اور وٹامن سی جیسے اہم غذائی اجزا سے بھرپور ہے۔ اسے بطور سلاد یا جوس کے طور پر استعمال کرنے سے جسمانی مشقت کے کاموں کیلئے توانائی فراہم ہوتی ہے۔ چقندر کا استعمال جگر، نظام ہاضمہ اور خون کی نسوں پر بھی مثبت اثر ڈالتا ہے۔ 

ماہرین کے مطابق چقندر میں وٹامن اے، بی، سی، آئرن، کاپر اور میگنیشیم کی بھی بھرپور مقدار موجود ہے، جو نہ صرف خون کے خلیوں کی افزائش میں مدد دیتی ہے بلکہ دل اور دماغ کی کارکردگی کو بڑھانے میں بھی سود مند ہے۔چقندر کا جوس کینسر سے بچاؤ کیلئے ایک بہترین ذریعہ سمجھا جاتا ہے، جبکہ یہ تن سازی کرنے والے افراد کیلئے بھی نہایت مفید ہے۔ 

چقندر کے جوس کا روزانہ استعمال نہ صرف جسمانی اور ذہنی صحت کو بہتر بناتا ہے بلکہ انسان کو دن بھر توانائی بخشنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔