بادام غذائیت سے بھرپور خشک میوہ نہ صرف توانائی فراہم کرتا ہے بلکہ صحت کے بے شمار فوائد بھی رکھتا ہے۔
دماغی صحت کیلئے بہترین
بادام کو صدیوں سے دماغی طاقت بڑھانے کیلئے بہترین غذا سمجھا جاتا ہے۔ اس میں موجود وٹامن ای اور اومیگا-3 فیٹی ایسڈز دماغی خلیات کی حفاظت کرتے ہیں اور یادداشت کو بہتر بناتے ہیں۔
دل کی صحت کا محافظ
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ بادام دل کے امراض سے بچاؤ میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ اس میں موجود مونو سیچوریٹڈ فیٹس اور اینٹی آکسائیڈنٹس کولیسٹرول کی سطح کو کنٹرول میں رکھتے ہیں اور شریانوں کو مضبوط بناتے ہیں، جس سے دل کی بیماریوں کا خطرہ کم ہو جاتا ہے۔
مدافعتی نظام کو مضبوط بنائے
بادام میں زنک، میگنیشیم اور وٹامن بی کمپلیکس کی موجودگی مدافعتی نظام کو مضبوط کرتی ہے۔ یہ غذائی اجزاء جسم کو موسمی بیماریوں، نزلہ اور زکام سے محفوظ رکھتے ہیں، جو سردیوں میں زیادہ عام ہیں۔
جلد کیلئے مفید
سردیوں میں جلد خشک اور بے جان ہو سکتی ہے۔ بادام میں موجود وٹامن ای اور اینٹی آکسائیڈنٹس جلد کو نرم و ملائم رکھتے ہیں اور جھریوں کے خطرے کو کم کرتے ہیں۔
وزن کنٹرول کرنے میں مددگار
بادام کا استعمال وزن کم کرنے کیلئے بھی سود مند ہے۔ یہ غذائی ریشہ سے بھرپور ہوتا ہے، جو بھوک کو کم کرکے زیادہ کھانے سے روکتا ہے اور میٹابولزم کو بہتر بناتا ہے۔
ہڈیوں کیلئے سود مند
بادام میں کیلشیم اور فاسفورس کی مقدار زیادہ ہوتی ہے جو ہڈیوں کو مضبوط کرنے میں مددگار ہے اور بڑھتی عمر کے ساتھ ہڈیوں کی کمزوری سے بچاتا ہے۔
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ روزانہ 5 سے 7 بادام کھانا سردیوں میں صحت کیلئے بے حد مفید ہے۔ بادام کو بھگو کر کھانا زیادہ فائدہ مند ثابت ہوتا ہے کیونکہ اس سے غذائی اجزاء بہتر طریقے سے جذب ہوتے ہیں۔