
اداکارہ تنوشری دتہ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پیغام شیئر کیا جس میں وہ روتی ہوئی دکھائی دیں۔
اپنے ویڈیو پیغام میں تنوشری دتہ کا کہنا تھا کہ انہیں 2018 میں می ٹو مہم کے دوران الزامات سامنے لانے پر ذہنی تناؤ اور ہراسانی کا سامنا ہے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ سوچی سمجھی سازش کے تحت میرے گھر میں ایسی گھریلو ملازماؤں کو بھیجا گیا جنہوں نے چوری کی اور مجھے پریشان کیا ، اس وجہ سے میں خود کو اپنے ہی گھر میں غیرمحفوظ محسوس کر رہی ہوں۔
تنوشری دتہ نے کہا کہ میں اپنے ہی گھر میں ہراساں ہو رہی ہوں، میں نے خوفزدہ ہونے کے باعث پولیس کو مدد کے لیے کال کی ، پولیس کی جانب سے مجھے کہا گیا کہ میں باقاعدہ شکایت درج کروانے تھانے آؤں۔
تنوشری نے کہا کہ میری طبیعت ناساز ہے اس لیے طبیعت میں بہتری کے بعد شاید ایک دو روز میں باقاعدہ رپورٹ کرانے تھانے جاؤں ۔
اداکارہ نے ویڈیو کے کیپشن میں لکھا کہ " 2018 کے بعد سے مسلسل ہراسانی کا شکار ہوں، آج تنگ آ کر پولیس کو بلایا ، براہ کرم کوئی مدد کرے"۔
بالی ووڈ اداکارہ تنوشری کی ویڈیو پر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد اداکارہ کے مداحوں کی جانب سے حکام سے فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔