جنوبی کوریا کے مشہور اداکار پارک من جائے 32 برس کی عمر میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث چین میں انتقال کر گئے۔ ان کے انتقال کی خبر نے کورین انڈسٹری میں غم کی لہر دوڑا دی ہے۔
کورین میڈیا کے مطابق پارک من جائے 29 نومبر کو چین میں ایک سرکاری دورے پر موجود تھے جب انہیں اچانک دل کا دورہ پڑا۔ طبی امداد فراہم کرنے کی کوشش کی گئی، مگر وہ جانبر نہ ہو سکے۔ ان کی تشہیری ایجنسی نے ان کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کے مداحوں اور ساتھی فنکاروں کے لیے یہ ناقابل یقین اور افسوسناک سانحہ ہے۔
اداکار کی میت کو جنوبی کوریا کے دارالحکومت سیول منتقل کر دیا گیا جہاں ان کی آخری رسومات کل ادا کی جائیں گی۔ ان کے قریبی رشتہ دار اور ساتھی ان کی آخری رسومات میں شریک ہوں گے۔
پارک من جائے کے انتقال پر کورین انڈسٹری میں گہرا دکھ پایا جاتا ہے۔ مشہور فنکاروں اور ان کے ساتھیوں نے ان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
پارک من جائے کے انتقال کے وقت ان کا ایک مشہور ڈرامہ بھی آن ایئر تھا جس کی مقبولیت ان کی غیر معمولی اداکاری کا ثبوت ہے۔
پارک من جائے کورین انڈسٹری کے ابھرتے ہوئے ستارے تھے۔ انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران کئی مشہور ڈرامے اور فلموں میں یادگار کردار ادا کیے جو انہیں مداحوں کے دلوں میں زندہ رکھیں گے۔