نرگس فخری کی بہن عالیہ فخری قتل کے الزام میں گرفتار
Bollywood Actress Nargis Fakhri and Alia Fakhri
ممبئی:(ویب ڈیسک)بالی ووڈ کی معروف اداکارہ نرگس فخری کی بہن عالیہ فخری کو نیویارک میں دوہرے قتل کے جرم میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ 2 دسمبر کی صبح پیش آیا، جب 43 سالہ عالیہ فخری نے مبینہ طور پر اپنے سابق بوائے فرینڈ اور اس کی ساتھی کو قتل کر دیا۔ 

رپورٹس کے مطابق عالیہ نیویارک میں واقع ایک 2 منزلہ گیراج کے باہر پہنچیں اور زور زور سے چیخ کر کہا،آج تم سب کا آخری دن ہے، تم سب مرو گے۔ اس کے فوراً بعد گھر میں آگ بھڑک اٹھی۔ شور سن کر پڑوسی گھروں سے باہر نکلے تو انہوں نے دیکھا کہ گھر آگ کی لپیٹ میں تھا۔ 

فائر فائٹرز نے آگ بجھانے کے بعد اوپری منزل سے 2 لاشوں کو باہرنکالا، جن کی شناخت 35 سالہ جیکب اور اس کی 33 سالہ ساتھی ایٹین کے طور پر ہوئی۔ دونوں دھوئیں کے باعث دم گھٹنے اور جھلسنے سے جاں بحق ہوئے۔ 

پولیس نے عالیہ فخری کو گرفتار کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔

دوسری جانب نرگس فخری نے تاحال اس معاملے پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔ 

بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ جیکب کی والدہ نے الزام لگایا ہے کہ عالیہ اپنے سابق تعلقات بحال کرنا چاہتی تھیں، مگر جیکب نے اسے مسترد کر دیا تھا اور وہ اپنی موجودہ ساتھی ایٹین کے ساتھ خوش تھا۔ ان کے بقول عالیہ نے حسد اور جلن میں آ کر یہ انتہائی قدم اٹھایا۔ 

عالیہ اور نرگس کی والدہ نے یہ ماننے سے انکار کیا ہے کہ عالیہ ایسا جرم کر سکتی ہیں۔