یوٹیوبر جنید اکرم نے مداحوں سے معافی مانگ لی
Image
لاہور: (ویب ڈیسک) یوٹیوبر جنید اکرم نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کمپئن کرنے پر اپنے وی لاگ میں مداحوں سے معافی مانگ لی۔

یوٹیوبر جنید اکرم نے اپنے یوٹیوب چینل پر وی لاگ کرتے ہوئے کہا کہ مجھ پر کمپئن کے لئے کسی کا دباؤ نہیں تھا، پنجاب حکومت کی جانب سے ایک درخواست آئی جس پر ایک تشہیری ویڈیو بنائی، دنیا بھر میں حکومتیں اپنے منصوبوں کی تشہیر کرتی ہیں۔

جنید اکرم کا کہنا تھا کہ ماضی میں اخبار یا ٹی وی چینل پر یہ کمپئن چلا کرتی تھی مگر موجودہ دور میں ان کی جگہ سوشل میڈیا نے لے لی ہے لہذا اب سوشل میڈیا کے ذریعے یہ کمپئن چلائی جاتی ہے، ویڈیو میں تمام صوبائی حکومتوں کو اپنے منصوبوں سے متعلق تفصیل فراہم کرنے کی درخواست کی تھی۔

یوٹیوبر نے اپنی غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اپنی ویڈیو پر پیڈ کانٹنٹ لکھنا چاہیے جس کی میں ذمہ داری لیتا ہوں، مجھے ویڈیو بنانے سے پہلے مختلف شہروں میں جاکر لوگوں سے اس کی رائے لینی چاہئے تھی۔

انہوں نے کہا کہ میری تیسری اور سب سے بڑی غلطی یہ تھی کہ میں عوام کی نبض کو نہیں سمجھ پایا کیونکہ لوگ مہنگائی، بجلوں کے بھاری بلوں، بڑھتے ہوئے ٹیکسوں اور بیروزگاری سے پریشان ہیں۔

جنید اکرم نے سندھ کا پنجاب سے موازانہ کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے حالات سندھ سے بہت مختلف ہیں، صفائی کے بہترین انتظامات ہیں، وہاں گورننس نظر آتی ہے، دونوں صوبوں میں زمین آسمان کا فرق ہے، پنجاب اور سندھ کے انفراسٹرکچر میں نمایاں تبدیلی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کے دوران اس وقت کے گورنر پنجاب چوہدری سرور نے تشہیری مہم کے لئے تمام ٹک ٹاکرز کو دعوت دی، جس پر بہت سے لوگوں نے تنقید کی کہ ناچنے، گانے والوں کو تشہیری مہم پر لگا دیا۔