اسٹاک مارکیٹ نے تاریخ رقم کر دی
Pakistan Stock Exchange
فائل فوٹو
کراچی: (ویب ڈیسک) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کے بعد سرمایہ کاروں کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

100 انڈیکس نے آج کاروبار کے دوران شاندار ریکارڈ قائم کرتے ہوئے پہلی بار 1 لاکھ 40 ہزار پوائنٹس کی حد عبور کرلی۔

پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں دوران کاروبار 1700 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا۔ ہنڈریڈ انڈیکس 1763 پوائنٹس کی زبردست تیزی کے بعد 140428 پوائنٹس پر بند ہوا، جو اسٹاک مارکیٹ کی تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔

یہ پہلا موقع ہے کہ اسٹاک مارکیٹ نے ایک ہی دن میں 139000 اور پھر 140000 پوائنٹس کے دو بڑے سنگ میل عبور کیے۔ ماہرین کے مطابق سرمایہ کاری کے بہتر ماحول، حکومتی معاشی پالیسیوں اور نئے مالی سال کے آغاز نے مارکیٹ میں مثبت رجحان پیدا کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:خیبرپختونخوا میگا کرپشن سکینڈل میں مزید سنسنی خیز انکشافات

واضح رہے کہ جولائی کے ابتدائی 18 دنوں میں اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل تیزی دیکھنے میں آئی، اور ہر روز انڈیکس نے نیا ریکارڈ قائم کیا۔ یکم جولائی سے اب تک 100 انڈیکس میں مجموعی طور پر 12 ہزار پوائنٹس کا اضافہ ہو چکا ہے۔

رواں مالی سال کا آغاز اسٹاک مارکیٹ کیلئے بے مثال ثابت ہوا ہے، جہاں انڈیکس 128000 پوائنٹس سے بڑھ کر 140000 پوائنٹس کی حد پار کر گیا، جو سرمایہ کاروں کیلئے ایک خوش آئند اشارہ ہے۔