پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان
Image
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) مہنگائی سے ستائے عوام کے لئے اچھی خبر ہے کہ پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں بالترتیب 3 روپے اور 8 روپے 50 یپسے فی لیٹر کی کمی کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں 15 دنوں کے دوران بالترتیب 2 ڈالر اور 3 ڈالر فی بیرل کی کمی واقع ہوئی ہے۔ تاہم اس کا حتمی انحصار حساب کتاب اور موجودہ ٹیکس کی شرحوں پر ہے۔ پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 90 پیسے اور ڈیزل کی قیمت میں 8.50 روپے فی لیٹر کمی کا امکان ہے۔

حکام کے مطابق 15 روز کے درمیان بین الاقوامی مارکیٹ میں پیٹرول کی اوسط قیمت 89.50 ڈالر فی بیرل سے کم ہوکر 87.50 ڈالر جبکہ ڈیزل تقریباً 96.93 ڈالر سے کم ہو کر 94 ڈالر فی بیرل پر آ گیا۔

اس وقت پیٹرول کی قیمت 275 روپے 60 پیسے اور ڈیزل کی قیمت 284 روپے فی لیٹر ہے، نئی قیمتوں کے بعد پیٹرول 272 روپے سے اوپر رہے گا جبکہ ڈیزل 275 روپے فی لیٹر کے قریب رہے گا، بشرطیکہ حکومت پیٹرولیم لیوی کی شرح میں اضافہ نہ کرے۔

یاد رہے حکومت پیٹرول اور ڈیزل دونوں مصنوعات پر تقریباً 78 روپے فی لیٹر ٹیکس وصول کر رہی ہے، اگرچہ، تمام پیٹرولیم مصنوعات پر جی ایس ٹی صفر ہے، حکومت دونوں مصنوعات پر 60 روپے فی لیٹر پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی وصول کر رہی ہے، جس سے عام طور پر عوام متاثر ہوتے ہیں۔