پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متعلق بڑی خبر
Image
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر حکومتی اختیار ختم کرنے کے معاملے پر اوگرا نے نرخ تعین کرنے کے لئے 2 تجاویز تیار کرلیں۔

اوگرا ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا اختیار بطور ریگولیٹر اوگرا کو ہی دینے کی پہلی تجویز سامنے آئی ہے جبکہ دوسری تجویز میں کہا گیا کہ قیمتوں کے تعین کا اختیار مارکیٹ خود کرے، اوگرا صرف مانیٹر کرے گا۔

ذرائع کے مطابق اوگرا کی بطور ریگولیٹر دونوں تجاویز اعلیٰ سطحی اجلاس میں رکھی جائیں گی۔ تجاویز پر پیٹرولیم ڈویژن کے ساتھ مشاورت اور پھر وزیراعظم شہباز شریف سے منظوری ہوگی۔ پیٹرولیم ڈویژن ایک ہفتے میں قیمتوں کے تعین بارے حتمی فیصلہ کرے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے قیمتوں کے تعین سے متعلق اپنی ذمے داری ختم کرنے کی ہدایت کر رکھی ہے۔ پیٹرولیم قیمتوں کے علاوہ کسی بھی چیز کی قیمت کا تعین حکومت نہیں کرتی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے اضافے پر ساری تنقید حکومت پر ہوتی ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ قیمتوں کے تعین سے متعلق آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو بھی اختیار دیا جا سکتا ہے، آئل مارکیٹ کمپنیوں کو قیمتوں کے تعین کا اختیار دینے سے اجارہ داری کا خدشہ ہوگا۔ پیٹرولیم ڈیلرز او آئی سی کو قیمتوں کا اختیار دینے پر تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں۔