استحکام پاکستان پارٹی کو بڑی کامیابی مل گئی
Image
لاہور:(سنو نیوز) استحکام پاکستان پارٹی کو بڑی کامیابی مل گئی، تحریک انصاف کے سابق وفاقی وزیر غلام سرور خان کی سربراہ استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر ترین اور مرکزی صدر عبدالعلیم خان سے ملاقات ہوئی ہے۔ غلام سرور خان نے استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ہے، ملاقات میں سینئر رہنما آئی پی پی عون چوہدری بھی موجود تھے، جہانگیر ترین اور عبد العلیم خان نے غلام سرور خان کا آئی پی پی میں شمولیت پر خیر مقدم کیا۔ غلام سرور خان نے جہانگیر ترین اور علیم خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رکن صوبائی اسمبلی چودھری ساجد محمود نے 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے پارٹی کو خیر باد کہہ دیا تھا۔ سابق ایم پی اے چودھری ساجد محمود نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں نے 2008ء میں پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی، 9 مئی کے واقعے کی مذمت کرتا ہوں، یہ ایک دل خراش واقعہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ سے توقع رکھتا ہوں کہ وہ اس کیس کو جلد از جلد نمٹائے، 9 مئی کے واقعات کے ذمہ داروں کو سزا دی جائے، چیئرمین پی ٹی آئی کے اینٹی اسٹیبلشمنٹ بیانات کی مذمت کرتا ہوں۔ چودھری ساجد محمود کا مزید کہنا تھا کہ اپنے کارکنان سے معافی مانگتا ہوں اور باضابطہ طور پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو چھوڑنے کا اعلان کرتا ہوں، چودھری ساجد محمود نے 9 مئی کے واقعات کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی واقعات کی پاکستان کے عوام نے بھی مذمت کی، 9 مئی واقعات میں ملوث ملزمان کو کڑی سے کڑی سزا دی جائے، جو لوگ بے گناہ ہیں ان کو بری کیا جائے، چیئرمین پی ٹی آئی کے بیانیے سے پی ٹی آئی کو بڑا نقصان پہنچا۔