بنگلا دیش میں ٹیکسٹائل مزدوروں کی ہڑتال، تشدد سے 2 ہلاک
Image

ڈھاکہ : (سنو نیوز) بنگلا دیش کی گارمنٹس فیکٹریوں میں کام کرنے والے ہزاروں مزدور سراپا احتجاج ہیں۔ یہ مزدور مغربی ممالک کے بڑے برانڈز کے کپڑے بنانے والی فیکٹریوں میں کام کرتے ہیں۔

دارالحکومت ڈھاکہ میں احتجاجی کارکنوں نے اجرتوں میں اضافے کا مطالبہ کرتے ہوئے سڑکیں بلاک کر دیں۔ وہاں ٹیکسٹائل فیکٹریوں میں توڑ پھوڑ کی بھی اطلاعات ہیں۔

ڈھاکہ کے مضافات میں ایک صنعتی علاقے میں جمع ہونے والے احتجاجی کارکنوں کو قابو کرنے کے لیے پولیس نے آنسو گیس اور پانی کی گنوں کا استعمال کیا۔ پیر سے شروع ہونے والے ان مظاہروں میں دو کارکن مارے گئے ہیں۔

ٹریڈ یونین رہنماؤں کا کہنا ہے کہ مزدوروں نے ہڑتال کی ہے کیونکہ وہ آسمان چھوتی مہنگائی کی وجہ سے صحیح طریقے سے زندہ نہیں رہ پا رہے ہیں۔

بنگلا دیش کی ان گارمنٹس فیکٹریوں میں کام کرنے والے مزدوروں کی اوسط ماہانہ تنخواہ تقریباً 75 ڈالر ہے۔ ٹریڈ یونین اس کم از کم اجرت کو 208 ڈالر تک بڑھانا چاہتی ہیں۔