عبدالعلیم خان کا پی ٹی آئی کے حق میں بڑا بیان
Image

لاہور: (سنو نیوز) پاکستان استحکام پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے تحریک انصاف کے حق میں بڑا بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلے کا نشان چھین لینا ٹھیک نہیں، میں ذاتی طور پر اس کے حق میں نہیں ہوں۔

عبدالعلیم خان نے یہ بات داتا دربار حاضری کے موقع پر میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ آئی پی پی کے صدر کا کہنا تھا کہ الیکشن مہم کا آغاز داتا دربار حاضری سے کرکے پاکستان اور قوم کےلئے دعا کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہمارے پچاس کے قریب امیدوار ہیں ، جو پنجاب میں انتخاب لڑ رہے ہیں۔ مجھے امید ہے آئی پی پی کے اچھی تعداد میں ایم این اے اور ایم پی اے بنیں گے۔ این اے 117 بھی لاہور شہر کا حصہ ہے، کوئی ایسا سیاسی شخص نہیں جس سے شناسائی نہیں ہو۔ پچاس سال سے این اے 117میں پھر رہا ہوں۔

ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ بلے کا نشان چھین لینا ٹھیک نہیں ، میں ذاتی طور پر اس کے حق میں نہیں ہوں۔ عدالت کوقائل کرنا پڑتا ہے ، قانونی تقاضے پورے نہ ہوں تو کورٹ سے ریلیف نہیں مل سکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ غریب عوام کا جینا مشکل ہے ، جو غریب ہے وہ پستا ہی جا رہا ہے۔ لوگ زندہ کیسے ہیں؟ ایک کمرے میں چودہ چودہ لوگ رہ رہے ہیں۔ ہمارا منشور آئیڈیل منشور اور جامع پروگرام ہے کہ کیسے عوام کی فلاح ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ میں بہت پیسہ ضائع ہو رہا ہے۔ تین سو یونٹ بجلی فری دیں گے۔ ہم کسان پیکج دیکھیں ساڑھے بارہ ایکٹر کو ٹیوب ویل کی بجلی فری کردیں تو سہولت مل جائے گی۔بلاول بھٹو کو بھی بجلی والا پروگرام اچھا لگا۔

آئی پی پی صدر نے کہا کہ کچی آبادی میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوتا ، کوئی این او سی نہیں دیا جاتا۔ کچی آبادیوں میں لگژری فلیٹس بناکر دیں گے۔ ہمارا اتحاد پارٹی ٹو پارٹی ہے جہاں امیدوار کھڑے ہیں ن لیگ اتحاد میں کھڑے ہیں۔