زیادہ تبدیلی کریں گے تو ٹیم کا ماحول خراب ہوگا:مصباح الحق
Image

کراچی :(سنونیوز)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی کے رکن مصباح الحق کاکہنا ہے کہ ورلڈ کپ قریب ہونے کی وجہ سے صورتحال ایسی ہے کہ قومی ٹیم میں زیادہ تبدیلی نہیں کرسکتے،اگر زیادہ تبدیلی کریں گے تو ٹیم کا ماحول خراب ہوجائے گا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران مصباح الحق نے کہا کہ ایشیا کپ میں بھارت سے 228 رنز کی شکست صرف کپتان کی وجہ سے نہیں ہوئی پوری ٹیم کو شکست ہوئی ہے۔ ایونٹ میں غلطیاں ہوئی ہے لیکن یہی ٹیم بہتر ہے ۔سابق کپتان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا اعتماد ضرور متزلزل ہوا ہے لیکن مجھے امید ہے یہی ٹیم بہتر کرے گی۔

قومی ٹیم میں ورلڈ کپ کے حوالے سے تبدیلیوں کے بارے میں مصباح الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ مشکل حالات سے باہر نکلا ہے۔ اس وقت صورتحال ایسی ہے کہ اب زیادہ تبدیلی نہیں کرسکتے، اگر زیادہ تبدیلی کریں گے تو ٹیم کا ماحول خراب ہوجائے گا۔

پی سی بی کرکٹ کمیٹی کے رکن کے مطابق یہی ٹیم نمبر ون بھی بنی ہے، یہی شاداب خان تھا جس نے ماضی میں پرفارمنس دی ہیں۔ مکی آرتھر اگر انگلینڈ میں بیٹھے ہیں تو یہ سوال نجم سیٹھی سے کرنا چاہیے۔ بھارت کی ٹیم اس وقت بہت اچھی ہے، بھارت کی کنڈیشنز پاکستان کو مدد دے گی ، قومی بیٹرز کے لئے ماحول سازگار ہوگا۔