ایشیا کپ :سری لنکا کو فائنل سے قبل بڑا دھچکا، اہم کھلاڑی باہر
Image
لاہور:(سنو نیوز) ایشیا کپ فائنل سے قبل سری لنکا کی ٹیم کو بڑا دھچکا لگ گیا ہے، ٹیم کے اہم بولر انجری کے سبب فائنل نہیں کھیل سکیں گے۔ سری لنکن کرکٹ بورڈ کے مطابق مہیش ٹھیکشانہ بھارت کے خلاف فائنل سے باہر ہو گئے۔ مہیش ٹھیکشانہ پاکستان کے خلاف میچ میں دائیں ہیم اسٹرنگ انجری کا شکار ہوئے۔ لنکن بورڈ کے مطابق مہیش ٹھیکشانہ کی جگہ سہان ارچشیگھے کو سکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ سری لنکا اور بھارت کے درمیان فائنل کل یعنی 17 ستمبر اتوار کو کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے آخری میچ میں بنگلادیش نے بھارت کو 6 رنز سے شکست دی تھی۔ بنگلادیش نے 2012 کے ایشیا کپ کے بعد اس ایشیا کپ میں بھارت کو شکست سے دوچار کیا۔ بھارت کیجانب سے اننگز کا آغاز مایوس کن رہا، کپتان روہت شرما بنا کھاتہ کھولے کیچ آئوٹ ہوئے، شبمن گل نے 121 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 8 چوکے اور 5 چھکے شامل ہیں۔ بھارت کا مڈل آرڈر خاطر خواہ کارکردگی دکھانے سے محروم رہا تاہم لوئر آرڈر نے مزاحمت کا مظاہرہ کیا، سپنر اکثر پٹیل نے 42 رنز کی اننگز کھیلی تاہم وہ اپنی ٹیم کو میچ جتوانے میں ناکام رہے۔ بنگلادیشی بولرز مستفیض الرحمان 3، مہدی حسن 2، تنظیم حسن 2، شکیب الحسن اور مہدی حسن نے 1،1 کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ گذشتہ روز کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں بھارت کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، بنگلادیشی اوپنرز بھارتی گیند بازوں کا مقابلہ کرنے میں ناکام دکھائی دئیے۔