پی ٹی آئی کی باگ دوڑ کون سنبھالے گا؟
Image

اسلام آباد: (رپورٹ، یاسر حسین) بیرسٹر گوہر علی خان اب چیئرمین تحریک انصاف نہیں رہے ، سوال یہ پیدا ہو رہا ہے کہ اب پارٹی کی باگ دوڑ کون سنبھالے گا ؟ ہدایات کون جاری کرے گا اور اس پر عمل درآمد کیسے ممکن ہو پائے گا ؟

سنو نیوز کے نمائندہ یاسر حسین کی رپورٹ کے مطابق پی ٹی آئی کی قیادت کا آج اہم اجلاس منعقد ہوگا۔ یہ اجلاس عمر ایوب خان نے طلب کیا ہے ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا کہ پارٹی معاملات آگے کون بڑھائے گا ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں شرکت کے لیے کور کمیٹی ارکان سمیت تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کو بھی مدعو کیا جائے گا ۔ اجلاس آج رات کو ویڈیو لنک کے ذریعے منعقد ہو گا۔ ملک بھر کے سینکٹروں کارکن اپنے ہی امیدواروں کے مدمقابل ہیں،اس پر تفصیلی گفتگو کی جائے گی ۔ آج کے اجلاس میں فیصلہ کیا جائے گا کہ کون پارٹی معاملات سنبھالے گا۔

یہ بھی پڑھیں:

https://sunonews.tv/13/01/2024/election-2024/64462/

خیال رہے کہ گذشتہ روز سپریم کورٹ نے پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرا ر دیتے ہوئے پی ٹی آئی سے بلے کا انتخابی نشان واپس لے لیا تھا۔ اس فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو میں گوہر علی خان نے کہا تھا کہ سپریم کورٹ کے آج کے فیصلے سے مایوسی ہوئی ، انصاف ہوتا ہوا دکھائی دینا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ 10 دس کروڑ ووٹر پی ٹی آئی کا ہے، اس فیصلے سے بہت مایوسی ہوئی ہے، جن 14 بندوں نے درخواستیں دی ہیں ان میں سے ایک بھی پی ٹی آئی کا ممبر نہیں رہا ، بلا رہے نہ رہے پاکستان کی عوام بانی پی ٹی آئی کے نام پر ووٹ دے گی۔

وکیل علی ظفر کا کہنا تھا کہ فیصلہ آ گیا ہے، بلا نہیں رہا۔ پی ٹی آئی کے امیدوار اب آزاد حیثیت میںالیکشن لڑیں گے۔ ہم نے اسٹریٹجی بنائی ہوئی ہے۔کوئی فکر کی بات نہیں ہے۔ پی ٹی آئی الیکشن زور و شور سے لڑے گی، پارٹی ابھی تک رجسٹرڈ ہے، الیکشن لڑنے سے امیدواروں کو نہیں روکا گیا۔