پی ٹی آئی کو بلے کا نشان واپس مل گیا
Image
پشاور:(سنو نیوز) پی ٹی آئی کو بلے کا نشان واپس مل گیا ہے، پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن اور انتخابی نشان سے متعلق کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے تحریک انصاف کا انتخابی نشان بلا بحال کر دیا ہے۔ پشاور ہائیکورٹ کے جسٹس اعجاز انور اور جسٹس سید ارشدعلی نے پی ٹی آئی کے انٹرا پارٹی الیکشن کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کی۔ جسٹس سید ارشد علی نے پوچھا الیکشن کمیشن نے کون سے سیکشن کے تحت اس پارٹی کے خلاف کارروائی کی، وکیل شکایت کنندہ نے بتایا کہ الیکشن ایکٹ سیکشن 215 کے تحت کارروائی کی ہے جس پر عدالت نے کہا الیکشن کا رزلٹ تو 7 دن کے اندر جمع کیا گیا ہے۔ وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا الیکشن کمیشن نے دیکھنا تھا کہ سیکشن 208 کے تحت انٹرا پارٹی انتخابات ہوئے، سب نے کہا کہ جو بانی پی ٹی آئی کہیں گے وہی ہوگا۔ جسٹس اعجاز انور نے ریمارکس دیے یہاں تو سب جماعتیں ایک ہی خاندان کے لوگ چلاتے آرہے ہیں، شاید یہ واحد جماعت ہے جو ورکرز کو آگے آنے دے رہی ہے۔ پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر علی ظفرنے شکایت کندہ کے وکلاء کے اعتراضات پر جواب دیتے ہوئے کہا فریقین کے وکلاء نے عدالتی دائرہ اختیار پر سوالات اٹھائے، دائر اختیارپر اصول کیا ہے وہ بتانا چاہتا ہوں، آرٹیکل 199 ہائیکورٹ کو سماعت کا اختیار دیتا ہے۔ بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہمارے انٹرا پارٹی الیکشن پشاور میں ہوئے جو ہائیکورٹ کے دائرہ اختیار میں آتے ہیں، اب الیکشن ہو رہے ہیں تو پورے ملک کے لیے ہیں، ہماری پارٹی کے جنرل سیکرٹری بھی اس صوبے سے ہیں۔ مزید پڑھیں https://sunonews.tv/10/01/2024/pakistan/63831/ جسٹس اعجاز انور نے سوال کیا آپ کی پارٹی کے جنرل سیکرٹری کون ہیں ؟ بیرسٹر علی ظفر نے بتایا کہ عمر ایوب جنرل سیکرٹری ہیں جن کا تعلق اس صوبے سے ہے، ماڈل ایان علی کے خلاف کیس راولپنڈی میں تھا، اسے کراچی ائیرپورٹ پرگرفتار کیا گیا تھا، اس وقت بھی ہائیکورٹ کے دائرہ اختیار پر سوال اٹھا تھا۔ ذرائع کے مطابق دوسری جانب پی ٹی آئی کو انتخابی نشان کی الاٹمنٹ کے معاملے پر الیکشن کمیشن نے اہم اجلاس طلب کر لیا ہے، اجلاس کل صبح الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں ہوگا، اجلاس چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں کمیشن کے چاروں ممبران اورسپیشل سیکرٹریز شرکت کریں گے، کمیشن پشاورہائی کورٹ کے فیصلے پر کل مشاورت کرے گا، الیکشن کمیشن کا لاء ونگ کمیشن کو پشاور ہائی کورٹ فیصلے سے متعلق قانونی نکات پر بریفنگ دیگا، تاحال الیکشن کمیشن کو پی ٹی آئی انٹرا پارٹی انتخاب پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ موصول نہیں ہوا۔