بارڈر ہیلتھ سروسز عملے کی نااہلی، منکی پاکس کے 4 مریض ایئرپورٹ سے فرار
Image

اسلام آباد :(رپورٹ، عثمان جبار) بارڈر ہیلتھ سروسز کے عملے کی نااہلی کا ایک اور واقعہ سامنے آ گیا، منکی پاکس کے مشتبہ 4 مریض ایئرپورٹ سے ہسپتال منتقلی کے دوران فرار ہوگئے، منکی پاکس کے مشتبہ مریضوں کو پمز ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا۔

ذرائع کے مطابق منکی پاکس کے مشتبہ مریض لیبیا سے ڈیپورٹ ہو کر اسلام آباد پہنچے تھے، لیبیا سے بے دخل پاکستانیوں کی خصوصی فلائٹ سے پاکستان لایا گیا تھا، لیبیا سے بے دخل پاکستانیوں کی فلائٹ 8 ستمبر رات کو اسلام آباد پہنچی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لیبیا سے آنے والی پرواز کے چار مسافروں میں منکی پاکس علامات تھیں، سکریننگ کے دوران چار مشتبہ مسافروں کو الگ کیا گیا، بی ایچ ایس منکی پاکس کے چار مشتبہ مریضوں کو پمز ہسپتال منتقل کرنے کا فیصلہ ہوا۔

مشتبہ کیسز کے فارم تیار کر کے ایمبولینس میں سوار کیا گیا، مشتبہ مریض ایئرپورٹ سے نکلنے کے بعد ایمبولینس سے فرار ہو گئے تھے، منکی پاکس کے مشتبہ مریض کوائف فارم ساتھ لیکر فرار ہوئے ہیں، فرار ہونے والوں میں رحمان طارق، علی حمزہ، زوالقرنین، نعیم شامل ہیں۔

بارڈر ہیلتھ سروسز نے مشتبہ منکی پاکس مریضوں کے فرار پر چپ سادھ لی ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد میں ڈینگی کیسز میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام اباد میں ڈینگی کے 15 کیسز رپورٹ ہوئے، اسلام آباد میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 234 ہوگئی، رواں سیزن ڈینگی سے متاثر ہونے والے مریضوں میں 72 فیصد مرد جبکہ 28 فیصد خواتین ہیں ۔

اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 11 کیسز رپورٹ ہوئے، اسلام آباد کے شہری علاقوں میں چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 4 مریض رپورٹ ہوئے، اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں ڈینگی کیسز کی مجموعی تعداد 159 ہو گئی، اسلام آباد کے شہری علاقوں میں ڈینگی سے اب تک 75 افراد متاثر ہوئے ہیں۔