تعلیمی ادارے 10 جنوری سے ہی کھلیں گے: محسن نقوی
Image

لاہور: (سنو نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ موسم سرما کی جاری لہر کی وجہ سے اسکول 10 جنوری 2024 ء کو دوبارہ شروع ہوں گے۔ 10 سے 22 جنوری تک، اسکول صبح 9:30 بجے شروع ہوں گے۔

نگران وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ طلبہ وطالبات جیکٹس اور گرم کپڑے پہن کر سکول جائیں۔ 10 جنوری سے 22 جنوری تک سکولوں کے اوقات کار تبدیل کردئیے گئے ہیں، سکول اب صبح ساڑھے نو بجے کھلیں گے ۔

اس سے قبل میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی کے مسائل ہیں،آج بھی 5جوان شہید ہوئے ہیں۔ الیکشن کے حوالے سے الیکشن کمیشن نے فیصلہ کرنا ہے،ہم نے ان کے کہنے پر بس فیڈ بیک دینا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ایس ایل تھری پراجیکٹ کے دورہ کے موقع پر کہا کہ بڑی امید ہے اگلی حکومت ہم سے بھی اچھا کام کرے گی۔ مہنگائی کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے،لیکن لوگ باز نہیں آتے۔ جب تک سخت قانون نہیں ہوں گے،معاملات ایسے ہی رہیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کوپتہ ہے کہ ایک دو دن کے بعد رہا ہو جانا ہے، اسی لئے وہ چند دن بعد پھر وہی کام شروع کر دیتے ہیں۔ اگلی حکومت سے امید ہے کہ سخت قانون بنائے گی اور سختی سے عملدرآمد کروائے گی۔سخت قانون ہو گا تو ہی کام چلے گا۔

محسن نقوی نے کہا کہ یوریا کھادمہنگی فروخت ہو رہی ہے، ہمارے علم میں ہے۔ روزانہ ایکشن لے رہے ہیں۔ ایک دن لوگوں کو پکڑتے ہیں تو دوسرے رہا ہو کر پھر وہی کام شروع کر دیتے ہیں۔اس موقع پر انہوں نے واضح کہا کہ امتحانات کو موخر کرنے کی تجویز زیر غور نہیں ہے۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کا کہنا تھا کہ تمام پراجیکٹس وقت سے پہلے مکمل کررہے ہیں، جہاں کوتاہی ہے اسے دور کریں گے۔ کوالٹی کو برقرار رکھتے ہوئے پراجیکٹس کی قبل از وقت تکمیل ایک انتہائی مشکل کمبی نیشن ہے۔