غزہ جنگ بندی: امریکی شوبز شخصیات کا جوبائیڈن کے نام کھلا خط
Image
واشنگٹن: (سنو نیوز) امریکی شوبز شخصیات نے غزہ میں جنگ بندی کے لئے صدر جوبائیڈن کے نام کھلا خط لکھ دیا جس میں انہوں نے جوبائیڈن انتظامیہ سے غزہ بمباری اور جنگ بندی کروانے کا مطالبہ کر دیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق خط پر ہالی ووڈ کے درجنوں اداکاروں اور گلوکاروں نے دستخط کر دیئے۔ دستخط کرنے والوں میں سیلینا گومز، بیلا حدید، گیگی حدید، زین ملک اور جنیفر لوپیز سمیت متعدد دیگر اداکار بھی شامل ہیں۔ آرٹسٹ فار سیز فائر کے عنوان سے خط میں جو بائیڈن انتظامیہ سے غزہ میں بمباری رکوانے اور جنگ بندی کروانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ خط میں کہا گیا کہ محترم صدر بائیڈن، ہم فنکار اس وقت بحیثیت انسان اسرائیل اور فلسطین میں معصوم جانوں کے ضیاع پر فکر مند ہیں، غزہ میں بربادی ہو رہی ہے، بحیثیت امریکی صدر ہم آپ اور امریکی کانگریس سے غزہ اور اسرائیل کی صورتحال کی سنگینی کو کم کرنے اور مزید جانوں کے ضیاع سے قبل غزہ میں جاری جنگ کو روکنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ اداکاراؤں نے مزید اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ہمارا ماننا ہے کہ تمام جانیں قیمتی ہیں، چاہے وہ کسی بھی مذہب یا نسل سے ہو اور حالیہ دنوں میں ہزاروں بے گناہ لوگ مارے گئے ہیں۔ خط میں فلسطینی اور اسرائیلی شہریوں کے قتل کی مذمت بھی کی گئی۔ واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے غزہ پر اسرائیلی ریاستی دہشت گردی جاری ہے جس کے باعث 3,900 بچوں اور 2,509 خواتین سمیت 9,500 کے قریب فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ ہزاروں شدید زخمی ہیں۔