12 April 2024

Homeتازہ تریناسرائیل غزہ جنگ، شہدا کی تعداد 9500 سے تجاوز کرگئی

اسرائیل غزہ جنگ، شہدا کی تعداد 9500 سے تجاوز کرگئی

اسرائیل اور غزہ

اسرائیل غزہ جنگ، شہدا کی تعداد 9500 سے تجاوز کرگئی

غزہ:(سنو نیوز) درندہ صفت اسرائیلی فوج کے غزہ کے نہتے فلسطینیوں پر وحشیانہ وار جاری ہے، صیہونی فورسز نے رات کی تاریکی میں غزہ کے المغازی کیمپ پر بڑا فضائی حملہ کیا، اقوام متحدہ کے الفخورا سکول پر بھی بم مارے۔

النصر، بیت حنون، اتطرہ، السوڈانیہ کے علاقوں پر بھی حملے کیے، ادھر حماس کی القسام بریگیڈز نے 48 گھنٹوں میں اسرائیلی فوج کے درجنوں ٹینک تباہ کرنے کا بھی دعویٰ کردیا ہے، 7 اکتوبر سے جاری جنگ میں اسرائیلی فوج کے حملوں میں 3900 بچوں سمیت شہداء کی مجموعی تعداد 9 ہزار 500 سے تجاوز کرگئی۔

اسرائیلی فوج نے دعوی کیا ہے کہ اس نے حماس کے القسام بریگیڈز کو شدید نقصان پہنچایا ہے، مواصلاتی مرکز، بنکرز اور سرنگوں کے نیٹ ورکس کو تباہ کر دیا ہے، اسرائیلی فوج حماس کے چیف کو تلاش کرکے ختم کر دے گی۔

صیہونی فوج نے النصر، بیت حنون، اتطرہ، السوڈانیہ سمیت متعدد علاقوں پر بھی بمباری کی، پناہ گاہوں اور صحت کے مراکز کو نشانہ بنا کربم اور راکٹ مارے جارہے ہیں، مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی اسرائیلی فوج بربریت جاری ہے، بلڈوزر چلا کر سڑکوں اور انفرااسٹرکچر کو تباہ کر دیا ،چھاپے مارکربے گناہ فلسطینیوں کو گرفتار کیا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: غزہ میں قتل عام کے پیچھے امریکی حکمران ہیں: ولادیمیر پیوتن

دوسری طرف حماس کے جنگجو ڈرپوک فوج کے سامنے ڈٹ کرکھڑے ہیں، حماس کی القسام بریگیڈز نے اڑتالیس گھنٹوں میں اسرائیلی فوج کے چوبیس ٹینکس تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے، حماس کے جنگجو اسرائیلی فورسز کو اپنے گھیرے میں لا کر انہیں نشانہ بنا رہے ہیں۔

بزدل اسرائیلی فوج حماس کے ساتھ زمینی لڑائی سے کترا رہی ہے کیونکہ تنگ گلیوں سے حماس کے جنگجو اچانک نکل کر حملے کر رہے ہیں جس سے اسرائیلی فوج کا جانی نقصان بڑھتا جا رہا ہے۔

ادھر حزب اللہ نے اسرائیلی فوج پر حملے کے لئے پہلی بار میزائل استعمال کئے، برکان میزائل لبنان اسرائیل سرحد سے داغے گئے، ایک سو دو کلومیٹر دور تک مار کرنے والے میزائلوں نے کامیابی سے اپنے ہدف کو نشانہ بنایا۔

عالمی میڈیا کے مطابق برازیل کی این جی او نے غزہ پر اسرائیلی فوج کے حملے میں شہید ہونیوالے فلسطینی بچوں کے ساتھ اظہار تعزیت انوکھے انداز سے کیا، ساحل پر ایک سو بیس کفن میں علامتی لاشوں کے ساتھ پھول، فلسطینی پرچم رکھ دیا۔ مرنے والوں کا نام بھی علامتی قبر کے قریب رکھا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

خیال رہے کہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مسلم حامیوں پرمشتمل نیشنل مسلم ڈیموکریٹک کونسل نے صدر بائیڈن کو غزہ کی صورتحال پر خط بھی لکھا ہے جس میں جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا ہے، اس کونسل میں مشی گن اوہائیو،پنسلونیا جیسی امریکی ریاستوں سے تعلق رکھنے والے رہنما بھی شامل ہیں جہاں ڈیمو کر یٹک پارٹی کو سخت انتخابی مقابلے کا سامنا کرنا پڑتا ہے، مسلمان ڈیموکریٹک پارٹی کو 2024 انتخابات میں ٹف ٹائم دیں سکتے ہیں ۔

دوسری طرف ری پبلیکن پارٹی کے سابق امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ بھی مسلمانوں کے خلاف بیان بازی کررہے ہیں جنھیں اسکا جواب الیکشن میں ووٹ کی صورت میں مل سکتا ہے۔

Share With:
Rate This Article