ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے بعد 65 فیصد پنشن کی فوری ادائیگی ملے گی:پنجاب حکومت کا بڑا فیصلہ
Image
لاہور: (سنو نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پنجاب سول سروس پنشن رولز میں ترمیم کی منظوری دے دی جس کے تحت ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے بعد 65 فیصد پنشن کی فوری ادائیگی یقینی ہو گی جب تک پنشن کے مکمل کاغذات تیار نہیں ہوتے تب تک 65 فیصد پنشن ملتی رہے گی۔ نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 16 واں اجلاس ہوا جس میں پنجاب کابینہ نے صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے متعدد منصوبوں اور ملازمین کی فلاح و بہبود کیلئے اقدامات کی منظوری دی۔ اجلاس میں پنجاب میں سڑکوں کوٹوٹ پھوٹ سے بچانے کے لئے ایکسل لوڈ مینجمنٹ رجیم متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ کابینہ نے ایکسل لوڈ مینجمنٹ پر موثر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے موٹر وہیکل رولز1969 میں ترمیم کی منظوری دے دی۔نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے ایکسل لوڈ مینجمنٹ رجیم پر عملدرآمد کے لئے صوبائی وزیر صنعت ایس ایم تنویر کو ذمہ داری تفویض کر د ی۔محسن نقوی نے ہدایت کی کہ فیکٹریوں سے نکلنے والے بڑے ٹرالر کے وزن کو باقاعدہ چیک کیا جائے گا،زیادہ وزن والے ٹرالرکو سڑک پر نہیں آنے دیا جائے گا۔ محسن نقوی نے تمام محکموں کو سرکاری ملازمین کی ترقی کے کیسز جلد نمٹانے کا حکم دے دیا۔ انہوں نےکہا کہ ایک بھی حقدار سرکاری ملازم ترقی سے محروم نہیں رہنا چاہیے ، میں خود سرکاری ملازمین کی پروموشن کیسز کی مانیٹرنگ کر رہا ہوں ۔ پنجاب میں پیراپلیجک ری ہیبلیٹیشن سینٹرز (Paraplegic Rehabilitation Centers) کے قیام کی بھی منظوری دی گئی۔پنجاب کے 5 شہروں ملتان، تونسہ، لاہور، فیصل آباد اور واہ میں مفلوج ہونے والے مریضوں کی بحالی کے لئے خصوصی سنٹرز بنائے جائیں گے۔مفلوج مریضو ں کو ضروری میڈیکل آلات بھی دیئے جائیں گے۔ نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے سموگ پر قابو پانے کے لئے جامع پلان طلب کر لیا۔انہوںنے کہا کہ سیکرٹری ماحولیات آئندہ کابینہ اجلاس میں انسداد سموگ کے حوالے سے حتمی پلان پیش کریں۔