بابراعظم کی چیٹ لیک: شاہد آفریدی ، ذکاء اشرف پر برس پڑے
Image

لاہور: (سنو نیوز) کرکٹ ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم کو دیگر کئی چیلنجز کا بھی سامنا ہے۔ اب سابق کرکٹر شاہد آفریدی نے لائیو شو میں ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی واٹس ایپ چیٹ لیک ہونے کے حوالے سے سخت ردعمل دیا ہے۔

شاہد آفریدی نے نجی ٹی وی کے پروگرام کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ ذکاء اشرف پر برہمی کا اظہار کیا ۔ شو دیکھنے والے سامعین نے سوال کیا تھا کہ جس طرح ذکاء اشرف نے بابر اعظم کی چیٹ لیک کی اس پر آپ کیا کہیں گے؟

اس سوال کے جواب میں شاہد آفریدی نے کہا کہ ذکاء صاحب کسی کلب کے چیئرمین نہیں ہیں۔ وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ ہیں۔ انہیں بہت سی چیزوں کو دیکھنا چاہیے۔ میں حیران ہوں کہ آپ میڈیا ہاؤسز کے مالکان کو بلا کر کہتے ہیں کہ یہ میرے بارے میں بات کر رہا ہے۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ خدا کے لیے آپ چیئرمین ہیں۔ اپنے کام سے جڑے رہیں۔ ٹیم ورلڈ کپ کھیل رہی ہے، لیکن آپ بیانات کے بعد بیانات دے رہے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستانی ٹیم کی ورلڈ کپ میں کارکردگی اچھی نہیں جا رہی ، ایسی صورتحال میں یہ خبریں سامنے آ رہی تھیں کہ بابر اعظم کو کپتانی سے ہٹایا جا سکتا ہے۔ کچھ خبروں میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف بابر اعظم کی فون کالز نہیں اٹھا رہے ہیں۔

راشد لطیف کا دعویٰ:

پی ٹی وی سپورٹس پر سابق کرکٹر راشد لطیف نے دعویٰ کیا کہ بابر اعظم نے پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین ذکاء اشرف، چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان ناصر اور ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ عثمان واہلہ کو پیغامات بھیجے لیکن یہ لوگ اس کا جواب نہیں دے رہے۔

اس کے بعد بابر اعظم کی مبینہ چیٹ سامنے آئی۔ بابر اعظم کی یہ مبینہ چیٹ پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان ناصر سے ہے۔ اس چیٹ کے مطابق بابر اعظم نے کبھی ذکاء اشرف کو فون کرنے کی کوشش نہیں کی۔ یہ چیٹ دکھاتے ہوئے ذکاء اشرف نے ان الزامات کو مسترد کر دیا کہ بابر نے ان سے بات کرنے کی کوشش کی تھی۔ جس طرح سے یہ چیٹ عام ہوئی اس پر کافی ہنگامہ ہوا۔

شاہد آفریدی نے کیا کہا؟

اس پورے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ کبھی وہ بابر اعظم کے بارے میں کچھ کہہ رہے ہیں، کبھی کسی اور کے بارے میں کچھ کہہ رہے ہیں۔ ان توقعات پر کام کریں جو ہم کرکٹرز کو آپ سے ہیں۔ چھوڑیں کون آپ کے بارے میں کیا کہہ رہا ہے۔ آپ خود موقع دے رہے ہیں۔

ایک اور سوال کے جواب میں شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ کرکٹ کے دونوں فارمیٹس کے لیے مختلف کپتان ہونے چاہئیں۔ سفید گیند کے لیے الگ کپتان اور سرخ گیند کے لیے الگ کپتان ہونا چاہیے۔

بابر اعظم کی چیٹ لیک:

خیال رہے کہ لائیو شو میں نظر آنے والی بابر اعظم کی چیٹ ایک نجی چینل کے شو میں نشر کی گئی۔شو کے میزنا وسیم بادامی نےاس پر ویڈیو شیئر کرکے اپنا موقف پیش کیا اور کہا کہ جب ہم لائیو شوز کرتے ہیں تو بہت سے لوگ اس میں شرکت کرتے ہیں اور کئی طرح کے مباحثے ہوتے ہیں، کچھ اچھے ہوتے ہیں، بعض اوقات جو فیصلے ہم کرتے ہیں وہ غلط ہو جاتے ہیں۔

ورلڈ کپ کی بات کی جائے تو پاکستانی ٹیم رینکنگ ٹیبل میں پانچویں نمبر پر ہے اور اس کے چھ پوائنٹس ہیں۔ پاکستان کو 4 نومبر کو نیوزی لینڈ اور 11 نومبر کو انگلینڈ کے خلاف گروپ مرحلے کے میچز کھیلنا ہیں۔ تاہم سیمی فائنل تک رسائی کے لیے پاکستان کو اب دوسری ٹیموں کی اچھی یا بری کارکردگی پر انحصار کرنا ہوگا۔