اسرائیل کا غزہ کے مہاجر کیمپ پر حملہ، درجنوں فلسطینی شہید
Image

غزہ: (سنو نیوز) شمالی غزہ میں جبالیہ پناہ گزین کیمپ میں ہونے والے دھماکے میں متعدد افراد کے شہید اور زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ اسرائیل نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

حماس کی حکومت والی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ دھماکے میں کم از کم 50 افراد شہید ہوئے۔ دھماکا اسرائیلی فضائی حملے کی وجہ سے ہوا۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ہمیں ایسا لگا جیسے زلزلہ آیا ہو۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے ایک فوٹوگرافر نے جبالیہ پناہ گزین کیمپ کی کچھ تصاویر لی ہیں۔ ان تصاویر میں لوگوں کو دھماکے کے بعد ملبے میں اپنے پیاروں کو تلاش کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

دھماکے میں بچ جانے والے اپنے پیاروں کو تلاش کر رہے ہیں

رائٹرز کے فوٹوگرافروں کی لی گئی تصاویر میں اس پناہ گزین کیمپ کا ایک بڑا حصہ زمین بوس نظر آ رہا ہے۔ بہت سی تصاویر اتنی پریشان کن ہیں کہ انہیں شائع کرنا درست نہیں ہے۔ بہت سے لوگ ملبے میں زندہ بچ جانے والوں کی تلاش کر رہے ہیں۔

غزہ شہر کے شمالی علاقے میں واقع جبالیہ کیمپ غزہ کے آٹھ پناہ گزین کیمپوں میں سب سے بڑا کیمپ ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق جولائی 2023 ء تک یہاں 1 لاکھ 16 ہزار سے زائد فلسطینی پناہ گزین رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔

1948 ء کی جنگ کے بعد یہاں مہاجرین آکر آباد ہونے لگے۔ یہ ایک چھوٹا لیکن گنجان آباد علاقہ ہے۔ جبلیہ میں درجنوں سکولز، ایک خوراک کی تقسیم کا مرکز اور دو صحت مراکز بھی ہیں۔ لوگوں کے لیے ایک لائبریری بھی ہے۔

حماس کے عہدیداروں نے اس دھماکے کا ذمہ دار اسرائیل کو ٹھہرایا تھا۔اسرائیل کی جانب سے بھی اس کی ذمہ داری قبول کر لی گئی ہے۔