نئے سال کا پہلا سورج خوشیوں کی نوید لیے طلوع ہوگیا
Image
لاہور: (سنو نیوز) نئے سال کا پہلا سورج نئی امیدوں، امنگوں اور خوشیوں کی نوید لیے طلوع ہوگیا۔ مساجد میں ملکی ترقی، خوشحالی اور امن و استحکام کیلئے دعائیں کی گئیں۔ لاہور، کراچی اور اسلام آباد میں نئے سال کو بھرپور انداز میں خوش آمدید کہا گیا۔ ملک کے دوسرے شہروں میں بھی سال نو کی آمد پر تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ کراچی میں پورٹ گرینڈپر رنگارنگ تقریب ہوئی۔ موسیقی پر حاضرین جھومتے رہے۔ ساحل سمندر اور اطراف میں پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔ صدر، لیاری، گارڈن، سچل، کورنگی، اورنگی، سائٹ، سرجانی، ملیر قائد آباد ، گلستان جوہر، لیاقت آباد، نیو کراچی ، بلدیہ ، کیماڑی میں ہوائی فائرنگ کی گئی۔ سہراب گوٹھ، فیڈرل بی ایریا اور کلفٹن میں بھی ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ سال نو کا جشن منانے شہریوں کی بڑی تعداد ساحل سمندر بھی پہنچی۔ لاہور میں لبرٹی چوک پر شہریوں کی بڑی تعداد نے نئے سال کا استقبال کیا۔ اہور میں فیملیز کو تحفظ دینے کیلئے لیڈیز وارڈنز کا خصوصی اسکواڈ سڑکوں پر موجود رہا۔ مری میں بھی بڑی تعداد میں سیاحوں نے نئے سال کا جشن منایا۔ اس کے علاوہ اسلام آباد، کوئٹہ، پشاور اور دیگر شہروں میں بھی شہریوں نے سال نو کا جشن منایا۔ صدر ممملکت ڈاکٹر عارف علوی صدر ممملکت عارف علوی نے نئے سال پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستانی قوم، امت مسلمہ اور عالمی برادری کو نئے سال کی مبارکباد دیتا ہوں، دعا ہے سال 2024 پاکستان کے ساتھ دنیا کیلئے خوشحالی اور معاشی استحکام لائے، نئے سال کے آغاز پر ہمیں فلسطینیوں کو نہیں بھولنا چاہیے۔ عارف علوی کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام اسرائیلی افواج کے وحشیانہ حملوں کا مسلسل سامنا کر رہے ہیں، عالمی برادری غزہ میں نسل کشی روکنے کیلئے فوری اقدامات کرے، عالمی برادری فلسطین میں منصفانہ اور دیرپا امن کیلئے کام کرے، غیر قانونی طور پر بھارتی زیر تسلط جموں و کشمیر کے عوام کیلئے فکر مند ہوں۔ آرمی چیف سید عاصم منیر مسلح افواج کی جانب سے پاکستان کے قابل فخر اور باعزت عوام کو نئے سال کی مبارک دی گئی۔ 2023 کا ایک مشکل لیکن اہم سال ختم ہو گیا۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ افواج پاکستان اور عوام ایک ہیں، جذبہ پاکستان کو کوئی شکست نہیں دے سکتا۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پیغام میں آرمی چیف نے کہا کہ فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی عوام کے ساتھ ہیں، دعا اور امید کرتے ہیں کہ نیا سال قابض و ظالم حکومتوں سے ان کے مصائب میں کمی لائے گا۔